اردن کے شاہ عبداللہ، شاہد خاقان کی ملاقات، دوطرفہ تجارت بڑھانے پر اتفاق
اسلام آباد (نمائندہ خصوصی) اردن کے شاہ عبداﷲ نے پی ایم ہاؤس میں وزیراعظم شاہد خاقان عباسی سے ملاقات کی۔ بعدازاں دونوں ممالک کے درمیان وفود کی سطح پر مذاکرات ہوئے۔ دو طرفہ مذاکراتی عمل میں دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کے تمام پہلوؤں کا احاطہ کیا گیا اور مختلف شعبوں میں تعاون میں اضافہ کی تجاویز پر بات چیت کی گئی۔ ملاقات میں اتفاق کیا گیا کہ دو طرفہ سرمایہ کاری اور تجارت پر توجہ مرکوز رکھی جائے گی۔ دوطرفہ تجارت جو اس دفعہ 75 ملین ڈالر ہے میں اضافہ کیا جائے گا۔ ملاقات میں علاقائی صورتحال پر بھی بات کی گئی۔ خصوصی طور پر امریکہ کی طرف سے مقبوضہ بیت المقدس کو اسرائیل کا دارالحکومت تسلیم کرنے کے تناظر میں تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیراعظم نے پاکستان کی طرف سے فلسطین کی غیر متزل حمایت کا اعادہ کیا اور کہا کہ پاکستان امریکہ کے فیصلے کو مسترد کرتا ہے۔ وزیراعظم نے اردن کے بادشاہ کو ایل او سی کی صورتحال کے بارے میں بریف کیا۔ انہوں نے دہشتگردی کیخلاف کوششوں اور علاقائی امن و استحکام کیلئے اقدامات کے بارے میں بتایا۔ ملاقات کے بعد متعدد معاہدات پر دستخط کئے گئے۔ پاکستان اور اردن کے درمیان شہری دفاع اور تعمیرات کے حوالے سے معاہدوں پر دستخط کئے گئے۔ وزارت ہاؤسنگ اور اردن کے محکمہ ورکس اینڈ ہاؤسنگ کے درمیان ایم او یو پر دستخط کیے گئے۔ وزیراعظم نے اردن کے شاہ کے اعزاز میں ضیافت دی۔ اس سے مسلسل شاہ عبداﷲ کو گارڈ آف آنر پیش کیا گیا۔ انہوں نے تھنڈر طیاروں کا مظاہرہ بھی دیکھا۔ قبل ازیں صدر ممنون حسین نے گزشتہ روز نور خان ایئر بیس پر اردن کے شاہ عبداﷲ کا استقبال کیا۔ شاہ کے ساتھ اردن کے وزیر خارجہ اور دوسرے اعلیٰ سول اور فوجی حکام بھی پاکستان کے دورے پر آئے ہیں۔ شاہ عبداﷲ کو پاکستان پہنچنے پر 21 توپوں کی سلامی دی گئی۔