میری عدالت کی جانب آنیوالے تمام بند دروازے کھول دیں: جسٹس یاور
لاہور (وقائع نگار خصوصی) چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ مسٹر جسٹس محمد یاور علی نے لاہور ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن کے کیبنٹ روم، سپورٹس کمپلیکس اور میاں سعید حسن لائونج کا افتتاح کر دیا۔ سینئر ترین جج مسٹر جسٹس محمد انوارالحق سمیت دیگر جج صاحبان اور رجسٹرار لاہور ہائی کورٹ بہادر علی خان بھی موجود تھے۔ ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن پہنچنے پر بار کے عہدیداروں اور وکلاء کی بڑی تعداد نے چیف جسٹس اور ججز کا پرتپاک استقبال کیا۔ چیف جسٹس محمد یاور علی کا کہنا تھا کہ میں بار میں نہیں اپنے گھر آیا ہوں۔ بطور چیف جسٹس نامزدگی ہوتے ہی جسٹس انوارالحق سے کہا تھا کہ لاہور ہائی کورٹ کے چیف جسٹس کی عدالت کی جانب جانے والے تمام بند دروازے کھول دیں۔ ہمارے لئے چیف جسٹس آف پاکستان کے کہے ہوئے الفاظ سب سے زیادہ مقدم ہیں۔ انکا کہنا ہے کہ بنچ اور بار کی اہمیت گاڑی کے دو پہیوں سے آگے نکل چکی ہے۔ اب بنچ اور بار ایک جسم کے دو حصے ہیں۔ دو بازو ہیں جو بالکل برابر اہمیت کے حامل ہیں۔ چیف جسٹس محمد یاور علی نے کہا ہم دونوں اجزا کا بنیادی مقصد سائلین کو انصاف کی فراہمی ہے۔ ہم نے اپنے مقصد کے حصول کیلئے زیادہ سے زیادہ کام کرنا ہے۔ مقدمات کا التوا ختم کرکے جلد اور اچھے فیصلے کرنے ہیں اور یہ وکلاء کی بہترین معاونت کے بغیر ممکن نہیں ہے۔ قبل ازیں لاہور ہائی کورٹ بار کے صدر چودھری ذوالفقار علی نے کہا بنچ اور بار کے مابین ماضی میں ہونے والی تمام غلط فہمیاں اور تلخیاں دور ہو چکی ہیں۔ بنچ اور بار کے مثالی تعلقات آگے بڑھیں گے اور مضبوط ہونگے۔ یہ ججز کی اپنی بار ہے۔ فاضل چیف جسٹس نے بار کی تمام محرومیاں ختم کرانے کی یقین دہانی کروائی ہے۔ چیف جسٹس محمد یاور علی کی جانب سے ججز پر مشتمل کمیٹی بنائی جا رہی ہے جو ڈویژنل سطح پر بارز کو درپیش تمام مسائل کے ازالے کے لئے سفارشات مرتب کرے گی۔