شمالی کوریائی فوج کی پریڈ‘ طاقت کا بھرپور مظاہرہ
سیول (اے ایف پی + آن لائن) شمالی کوریا میں فوجی پریڈ میں بھرپور عسکری قوت کا مظاہرہ کیا گیا جس میں صدر کم جونگ ان نے بھی شرکت کی اور فوجیوں سے خطاب کرتے کہا ہمارا ملک ورلڈ کلاس فوجی طاقت کا حامل ہے۔ کم ٹوسنگ سکوائر میں تقریب ہوئی۔ انہوں نے اہلکاروں کے حوصلے کو سراہا اور کہا فوج ہائی الرٹ پر رہے تاکہ مداخلت کار ہماری خودمختاری اور سرزمین کے 0.0001 ملیر میٹر رقبے کی خلاف ورزی ظاہر نہ کر سکے۔ ادھر ٹوکیو کے نواحی بیس یوکوتا پر فوجیوں سے خطاب کرتے نائب امریکی صدر مائیک پنس نے کہا شمالی کوریا کے خلاف کسی بھی قسم کی مہم جوئی کیلئے تیار ہے۔ اس کی دھمکیوں سے نمٹنے کیلئے تمام آپشنز میز پر ہیں۔ پیانگ یانگ کو جوہری میزائلوں کے پروگرام سے دستبردار کرانے کیلئے دبائو کی مہم جاری رہے گی۔ دنیا بھی جان لے امریکی اور جاپانی فوج اپنے عوام کے تحفظ کی خاطر تیار ہیں۔ کوئی بھی اشتعال انگیزی خواہ وہ جوہری ہتھیاروں کا چلانا ہو کا فوری‘ کرارا اور مؤثر جواب دیا جائے گا۔ آج مائیک پنس جنوبی کوریا میں ونٹر اولمپکس کی افتتاحی تقریب میں شریک ہونگے۔ شمالی کوریا نے سرمائی اولمپکس کے دوران امریکہ کے ساتھ کسی بھی قسم کے مذاکرات کو مسترد کر دیا۔ ملکی اخبار نے اپنی رپورٹ میں وزارت خارجہ کے ایک اعلیٰ عہدیدار کاحوالہ دیتے ہوئے کہا کہ شمالی کوریا نے کبھی امریکہ سے مذاکرات کی بھیک نہیں مانگی اور اولمپکس کے دوران بھی کسی بھی قسم کے مذاکرات کاکوئی امکان نہیں۔ عہدیدار نے کہا شمالی کوریا کے جنوبی کوریا جانے والے اعلیٰ سطحی وفد کامقصد خالصتاً اولمپکس اور اس کے سیاسی مقاصد نہیں ہیں۔ عہدیدار نے کہا مذاکرات بارے امریکی نائب صدر مائیک پنس کا حالیہ بیان بھی مضحکہ خیز ہے۔