بھارت : بیوی کا گردہ چرانے کا الزام : شوہر اور اس کا بھائی گرفتار
کلکتہ (آن لائن) بھارت میں بیوی کی شکایت پر پولیس نے شوہراور اس کے بھائی کوگردہ چرانے پر گرفتار کرلیا ہے۔ بیوی نے پولیس کو ایف آئی آر درج کروائی تھی کہ اس کے شوہر نے والدین کی جانب سے جہیز نہ دینے پر پیسے وصولی کیلئے اس کا گردہ بیچ دیا ہے۔ مغربی بنگال سے تعلق رکھنے والی خاتون ریتاسرکار کا دوسال قبل اپینڈکس کا آپریشن اس کے شوہر نے کروایا تھا جبکہ گزشتہ سال دو ٹیسٹوں سے انکشاف ہواکہ اس کا ایک گردہ نہیں ہے۔ خاتون نے بتایا اس کا شوہر کئی سالوں سے جہیز کا تقاضہ کرتاتھا اور اس کے ساتھ بدسلوکی کرتا تھا۔خاتون نے بھارتی اخبارکو بتایاکہ اس کا شوہراسے کلکتہ کے ہسپتال لے گیا اوراس ہسپتال کے عملے نے اس کو بتایاکہ سرجری سے اپینڈکس نکلنے کے بعد وہ بالکل ٹھیک ہوجائیگی جبکہ خاتون نے بتایا اس کے شوہر نے اس آپریشن کے بارے میں کسی کو بھی بتانے سے منع کیا تھا۔ ریتا نے بتایا کچھ مہینوں بعد اس کے پیٹ میں تکلیف شروع ہوئی اور ڈاکٹروں نے چیک اپ کے بعد بتایا اس کا گردہ نہیں ہے۔ اس پر اسے سمجھ آیا کہ اس کے شوہر نے سرجری کا کسی کو بتانے سے منع کیوں کیا تھا۔ پولیس نے خاتون کے شوہراور3 دیگر افراد کے خلاف گردہ چرانے، اقدام قتل اور تشدد کے الزام میں مقدمہ درج کر لیا ہے۔