• news

ہمارے لئے قانون و انصاف کے سوا کوئی چہیتا نہیں، چیف جسٹس آزاد کشمیر

مظفرآباد(آن لائن) چیف جسٹس آزاد جموں و کشمیر جسٹس چوہدری محمد ابراہیم ضیاء نے کہا ہے کہ ہم نے ایڈمنسٹریشن آف جسٹس کے لئے کام کرتے ہوئے آگے بڑھنا ہے۔ ہمارے لئے قانون و انصاف کے علاوہ کوئی چہیتا نہیں ہے۔ آزاد جموں وکشمیر سپریم کورٹ میں اس وقت عدالت کی وجہ سے کوئی مقدمہ زیر التوا نہیں ہے صرف اور صرف سسٹم کی بہتری اور مضبوطی کیلئے کام کریں۔ عوام کوانصاف کی فراہمی پر کوئی کمپرومائز نہیں کریں گے فراہمی انصاف میں کسی صورت تاخیر نہیں ہوگی۔نظام انصاف میں اصلاحات کے لئے عملی اقدامات اٹھائے جارہے ہیں اپنی زندگی کوبامقصد بنائیں تاکہ آپ باوقار اور باعزت زندگی گزار سکیں اور لوگ آپ کو یاد رکھیں ۔ ہم سب نے اللہ تعالیٰ کے سامنے جوابدہ ہونا ہے۔ چوہدری ریاض احمد اور شیخ قطب الدین کی طرح محنت ، لگن ، جانفشانی اور دیانتداری سے فرائض منصبی انجام دیں گے تو آپ سب کی بھی اسی طرح عزت ہوگی۔ ہم سب کو اللہ تعالیٰ کے سامنے جوابدہی کا احساس دل میں رکھتے ہوئے اپنے فرائض منصبی کی بجا آوری کرنی ہے۔ صرف اللہ تعالیٰ کی خوشنودی اور حضورﷺ کی سیرت طیبہ کے مطابق زندگی گزاریں تو دنیا و آخرت بہتر ہو سکتی ہے۔ ان خیالات کا اظہار چیف جسٹس آزاد جموں وکشمیر سپریم کورٹ جسٹس چوہدری محمد ابراہیم ضیاء نے سابق رجسٹرار چوہدری ریاض احمد اور سابق لائبرین شیخ قطب الدین کے اعزاز میں منعقدہ الوداعی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ چیف جسٹس نے کہا کہ آزاد جموں وکشمیر سپریم کورٹ فراہمی انصاف میںکوئی دقیقہ فروگزاشت نہیں کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ سپریم کورٹ میں مقدمات کو جلد ازجلد یکسو کررہے ہیںتاکہ لوگوں کو بروقت انصاف کو یقینی بنایا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ وکلاء اور بار کے تعاون سے انصاف کی فراہمی کو یقینی بنایا جارہا ہے۔ آخر میں چیف جسٹس آزاد جموں وکشمیر جسٹس چوہدری محمد ابراہیم ضیاء نے سابق رجسٹرار چوہدری ریاض احمد اور سینئر جج سپریم کورٹ جسٹس راجہ سعید اکرم خان نے سابق لائبرین شیخ قطب الدین کو تحائف دئیے۔ 

ای پیپر-دی نیشن