• news

قصور، لاہور میں زینب کا چہلم ہر آنکھ اشکبار، ملزم کو کڑی سزا دینے کا مطالبہ

قصور/ لاہور (نمائندہ نوائے وقت + صباح نیوز) 9جنوری کے روز قصور میں ملزم عمران کے ہاتھوں زیادتی کے بعد قتل ہونے والی معصوم زینب کی رسم چہلم اور قرآن خوانی ان کے گھر روڈ کوٹ میں ہوئی۔ رسم چہلم میں پیپلز پارٹی پنجاب کے جنرل سیکرٹری چوہدری منظور احمد، ڈی پی او قصور زاہد نواز مروت، مسلم لیگ (ن) کے رہنما ملک خادم حسین قصوری، صدرپر یس کلب قصور مہرمحمد جاوید، گروپ لیڈر حاجی محمد شریف مہر، محمد اشفاق مہر، پرنسپل علامہ اقبال پبلک سکول مہر محمد عاشق، حاجی مقصود صابر انصاری، سماجی رہنما منظور احمد انصاری، رہنما تحریک انصاف میاں فاروق احمد انصار ی، سردار فاخر علی ایڈووکیٹ، پاکستان تحریک انصاف کے امیدوار صوبائی اسمبلی پی پی 177 عطاء الرحمن انصاری بگے والے، عثمان اعوان قصوری، غلام مصطفیٰ مغل کے علاوہ سیاسی وسماجی، مذہبی، سول سوسائٹی، تاجر، وکلائ، صحافی برادری نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔ چہلم میں شرکاء نے عدلیہ اور حکومت سے مطالبہ کیا کہ ملزم عمران کو کڑی سے کڑی سزاد ے کر اس بات کو یقینی بنایا جائے کہ آئندہ کسی درندہ صفت انسان کو کسی معصوم جان سے کھیلنے کی جرات نہ ہو چہلم میں شریک ہر آنکھ اشکبار تھی اور زینب سمیت دیگر جنسی درندگی سے جاںبحق ہونے والی تمام بچیوں کی روح کے ایصا ل ثواب کیلئے دعا کی گئی۔ صباح نیوز کے مطابق لاہور میں نائب ناظم اعلیٰ تحریک منہاج القرآن علامہ سید فرحت حسین شاہ کی قیادت میں پاکستان عوامی تحریک اور تحریک منہاج القرآن کے مرکزی، صوبائی اور ضلعی رہنمائوں پر مشتمل وفد نے قصور میں معصوم زینب ’’مرحومہ‘‘ کے چہلم کی مناسبت سے منعقدہ دعائیہ تقریب میں شرکت کی۔ وفد میں ساجد محمود بھٹی، چوہدری آصف علی چدھڑ،اشرف ضیغم، قاضی محمود اور عوامی تحریک اور منہاج القرآن قصور کے رہنماء شامل تھے۔ معصوم زینب کے ایصال ثواب کیلئے منعقدہ قرآن خوانی اور دعائیہ تقریب میں مختلف مذہبی، سیاسی، سماجی رہنمائوں، اہل علاقہ اور دیگر شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ دعائیہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے علامہ سید فرحت حسین شاہ نے کہا کہ ہمارے پاس معصوم زینب کے ساتھ ہونیوالے ظلم کے مداوے کی کوئی صورت نہیں۔زینب کے سانحہ نے پورے معاشرے کو بے بسی کی انتہائی حالت میں پہنچا دیا ہے۔ ہم ماڈل ٹائون کے شہدائ، معصوم زینب، درندگی کا شکار بننے والی دیگر بیٹیوں اور پولیس بربریت کا شکار ہونیوالے قصور کے شہریوںکو بھی انصاف دلانے کی جدوجہد جاری رکھیں گے۔ 

ای پیپر-دی نیشن