• news

شاہد خاقان نے وزیراعظم ہائوس‘ سربراہ پاک بحریہ ظفر عباسی نے نیول ہیڈ کوارٹرز میں پودا لگا کر شجر کاری مہم کا آغاز کر دیا

اسلام آباد+ لاہور (نمائندہ خصوصی+ خبر نگار) وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے وزیراعظم ہائوس میں پودا لگا کر موسم بہار کی شجر کاری مہم کا آغاز کر دیا۔ شجر کاری مہم کے دوران ملک بھر میں پودے لگائے جائیں گے۔ تقریب میں وزیر ماحولیات نے مشاہداللہ خان بھی موجود تھے۔ ملک کو سرسبز بنانے کیلئے 10 کروڑ پودے لگائے جائیں گے۔ اس کیلئے 3 ارب 65 کروڑ روپے مختص کئے گئے ہیں۔ سی ڈی اے مہم میں شرکت کریگی۔ 15 فروری سے مہم پر کام شروع ہوگا۔ مہم کے دوران مختلف پارکس مارگلہ پہاڑی اور دوسرے مقامات پر پودے لگائے جائیں گے۔ خبرنگار کے مطابق پاک بحریہ کے سربراہ ایڈمرل ظفر محمود عباسی نے نیول ہیڈ کوارٹرز میں پودا لگا کر موسم ِ بہارشجر کاری مہم 2018ء کا آغاز کردیا۔ اس موقع پر پاک بحریہ کے سربراہ نے کہا کہ شجر کاری مہمات ہمیں فطرت کے ساتھ اپنے تعلق کومزید مضبوط بنانے کیلئے نادر مواقع فراہم کرتی ہیں۔ نیول چیف نے ہم وطنوں پر زور دیا کہ وہ اس نیک مقصد میں پاک بحریہ کا ساتھ دیں۔ کم از کم ایک درخت لگانے کاعہد کریں۔ پاک بحریہ سرسبز پاکستان پروگرام میں اپناحصہ ڈالنے کی غرض سے اس موسم ِ بہار کے دوران مغرب میں جیوانی سے لیکر مشرق میں سرکریک تک اپنی یونٹس اور ایریاز آف ریسپانسبلٹی (Areas of Responsibility) میں وسیع پیمانے پر شجرکاری کا ارادہ کئے ہوئے ہے۔ اس موقع پرماحولیاتی تبدیلی کی پارلیمانی سیکرٹری، ممبر قومی اسمبلی، رومینہ خورشید عالم اور پاک بحریہ کے سینئر آفیسرز بھی پر موجود تھے۔

ای پیپر-دی نیشن