کسی ملک کے اندرونی معاملات میں مداخلت نہیں کرتے: شاہد خاقان
اسلام آباد (نیوز ایجنسیاں) وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ پاکستان دوسرے ممالک کے اندرونی معاملات میں مداخلت نہ کرنے کی پالیسی پر یقین رکھتا ہے اور اس سلسلے میں اقوام متحدہ کی قراردادوں پر عمل پیرا ہے۔ جمعہ کو وزیراعظم شاہد خاقان عباسی سے مالدیپ کے وزیر خارجہ ڈاکٹر محمد عاصم نے ملاقات کی جس دوران انہوں نے مالدیپ میں صدر کی جانب لگائی جانے والی ایمرجنسی کی صورتحال پر تفصیلی بریفنگ دی۔ مالدیپ کے وزیر خارجہ ڈاکٹر محمد عاصم نے اس موقع پر خطے میں امن قائم کرنے کیلئے کوششوں پاکستان کے کردار کو سراہا اور مکمل تعاون کی یقین دہانی کروائی۔ وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے اس موقع پر کہا کہ پاکستان اور مالدیپ کے درمیان تعلقا ت باہمی احترام اور مشترکہ مفادات کے ساتھ ساتھ محبت پر منحصر ہیں ۔ وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کی زیرصدارت اجلاس ہوا جس میں پاکستان ٹیلی ویژن کارپوریشن کے بارے میں بریفنگ دی گئی۔ اس موقع پر وزیر مملکت برائے اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب، سیکرٹری اطلاعات اور سینئر حکام بھی موجود تھے۔ سیکرٹری اطلاعات نے وزیراعظم کو ریاستی میڈیا براڈ کاسٹر کے تحت کام کرنے والے مختلف چینلز کی کارکردگی اور مالی صورتحال کے حوالہ سے تفصیلی بریفنگ دی۔