پی آئی اے میں مبینہ غیر قانونی بھرتیوں کیخلاف درخواست لاہور ہائیکورٹ نے خارج کردی
لاہور (وقائع نگار خصوصی) لاہور ہائیکورٹ نے پی آئی اے میں مبینہ غیر قانونی بھرتیوں کے خلاف دائر درخواست ناقابل سماعت قرار دیتے ہوئے مسترد کر دی۔ لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس شمس محمود مرزا نے کیس کی سماعت کی۔ درخواست گزار سابق منیجر لیگل سروسز میاں ناصر میر نے موقف اختیار کیا کہ پی آئی اے کو سنگین خسارے کا سامنا ہے مگر اس کے باوجود بھاری تنخواہوں پر غیر قانونی بھرتیاں کر لی گئیں۔ انہوں نے کہا کہ اخباری اشتہار اور قواعد کے بغیر پی آئی اے میں میرٹ سے ہٹ کر مشرف رسول کو چیف ایگزیکٹو آفیسر، عاصم رئوف کو ڈپٹی جنرل منیجر اور عاصمہ باجوہ کو چیف ایچ آر لگا دیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ تمام تقرریاں سیاسی بنیادوں پر وزیراعظم کے مشیر سردار مہتاب عباسی کی سفارش پر کی گئیں۔ انہوں نے استدعا کی کہ عدالت تمام غیر قانونی تقرریوں کو کالعدم قرار دے۔ عدالت نے درخواست ناقابل سماعت قرار دیتے ہوئے مسترد کر دی۔