• news

قومی ٹیم میں بیٹنگ مسائل کا سامنا‘ مقابلوں سے ٹیلنٹ سامنے آئیگا: شکیل شیخ

لاہور (نمائندہ سپورٹس) چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ کے مشیر معروف کرکٹ آرگنائزر شکیل شیخ کا کہنا ہے کہ ریجنل ون ڈے کپ میں ہائی سکورنگ میچز ہونا خوش آئند ہے۔ اس سطح پر لمبی اننگز کھیلنے کی عادت سے بلے بازوں کو فائدہ ہو گا۔ قومی ٹیم میں ہمیں بیٹنگ کے شعبے میں مسائل کا سامنا ہے بہتر بیٹنگ ٹیلنٹ سامنے لانے اور انکی مناسب ٹریننگ اور تیاری کے لیے قومی سطح کے مقابلے ہی سب سے بہتر پلیٹ فارم ہے۔ وہ نوائے وقت کیساتھ گفتگو کر رہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ اس سے پہلے پاکستان کپ میں بھی ہائی سکورنگ میچز ہوئے تھے جبکہ ٹونٹی ٹونٹی کپ میں بھی بلے بازوں نے اچھے کھیل کا مظاہرہ کیا تھا۔ مختلف ماحول اور مختلف رویہ رکھنے والی پچز پر کھیل کر ہی کرکٹرز کی صلاحیتوں میں نکھار آتا ہے۔ شان مسعود نے پورے سیزن مین بہت اچھے کھیل کا مظاہرہ کیا ہے انکی طرف سے مختصر اوورز کی کرکٹ میں رنز کرنا بھی اچھی بات ہے پشاور میں اسلام آباد کے بلے باز عابد علی نے بھی ڈبل سینچری سکور کی تھی۔ ہمارے ہاں ڈومیسٹک کرکٹ میں ایک جیسی پچز کے حوالے سے بہت بحث ہوتی ہے لیکن ہر سنٹر پر مختلف اور روایتی پچ کا ہونا ہی بہتر ہے تاکہ سیزن کے دوران کرکٹرز کو مختلف ماحول میں کرکٹ کھیلنے کا موقع ملے۔ قائداعظم ٹرافی کے دوران بھی چند ایک واقعات کے علاوہ مجموعی طور پر پچز اچھی رہی ہیں۔ ہمیں ایسی پچز کو سپورٹ کرنا چاہیے جہاں بلے بازوں اور گیند بازوں کو صلاحیتوں کے اظہار کے یکساں مواقع ملیں چار روزہ اور ایک روزہ میچ کے لیے پچ کی تیاری مختلف انداز میں ہوتی ہے ہمارے کیوریٹرز اپنا کام بہتر انداز میں نہیں کرتے پچ میں ڈبل باونس اور ڈبل پیس نہیں ہونی چاہیے اس سلسلے میں بہتر نگرانی اور توجہ سے اچھی پچز تیار کی جا سکتی ہیں۔جب ہمارے ہاں چار روزہ میچز شروع ہوتے ہیں اس وقت موسم بھی سرد ہوتا ہے اگر سیزن مارچ اپریل میں شروع ہو تو تقاضے اور ضروریات مختلف ہوں۔

ای پیپر-دی نیشن