شاہد آفریدی نے بھارتی شائقین کا دل رکھ لیا‘ خواہش پوری کردی
لاہور (نمائند سپورٹس ) سابق کرکٹر شاہد آفریدی نے بھارتی شائقین کا دل رکھتے ہوئے ترنگے کو عزت دے کر ثابت کردیا کہ وہ ناصرف اچھے کھلاڑی ہیں بلکہ بہترین شخص بھی ہیں۔ سوئٹزرلینڈ میں کرکٹ میلہ میں پاکستانی اور بھارتی کھلاڑی ساتھ کھیلے ۔ شاہد آفریدی نے دوسرے ٹی ٹونٹی میچ کے بعد شائقین کیساتھ سیلفیاں بنوائیں اور آٹوگراف دیئے۔ شاہد آفریدی نے بھارت کے قومی پرچم (ترنگے) کیساتھ تصاویر اور وڈیو بنوا کر تمام بھارتیوں کے دل جیت لیے۔ سوشل میڈیا میں جاری تصویر میں دکھایا گیا کہ آفریدی کی ایک بھارتی مداح ان کے ساتھ تصویر بنوانے کے لیے اتنی زیادہ پرجوش ہوگئی تھی کہ پرچم کھولنا ہی بھول گئی جس پر شاہد آفریدی نے اس خاتون سے کہا یہ جھنڈا سیدھا کرو جس کے بعد انہوں نے خاتون کے ساتھ تصویر بنوائی۔شاہد آفریدی کے اس عمل نے پورے بھارت کو اپنا دیوانہ بنالیا جس کے بعد بھارتی میڈیا بھی شاہد آفریدی کے گن گانے لگا۔