• news

سینٹ الیکشن کے امیدواروں کے کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال آج مکمل ہوگی

اسلام آباد+ کراچی (خصوصی نمائندہ+ سٹاف رپورٹر) سینٹ کی 52 نشستوں پر 3 مارچ کو ہونے والے انتخابات میں چاروں صوبوں سے حصہ لینے والے امیدواروں کی کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال کا عمل آج (پیر) تک مکمل ہوجائے گا۔گزشتہ روز اتوار کوبھی الیکشن کمیشن کے دفاتر کھلے رہے، فاٹا کیلئے مزید پانچ افراد نے کاغذات نامزدگی جمع کرائے ہیں ان میںہلال الرحمان، حیدر شاہ، عرفان اللہ، ملک نجم الحسن اور شعیب حسن شامل ہیں آج پیر کو فاٹا کی نشستوں کیلئے کاغذات نامزدگی جمع کرانے کا آخری روز ہوگا۔ جبکہ فاٹا کی چاروں نشستوں پرآج پیر تک کاغذات نامزدگی جمع کرائے جاسکتے ہیں۔ ادھر تحریک انصاف نے اسحاق ڈار کے سینٹ میں کاغذات نامزدگی کو الیکشن کمشن میں چیلنج کررکھا ہے۔ پیر کے روز 3 مارچ کو سینٹ کے ہونیوالے انتخابات کیلئے چاروں صوبوں سے حصہ لینے والے امیدواروں کی کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال مکمل ہو جائیگی جس میں چیئرمین سینٹ میاں رضا ربانی سمیت کئی امیدواروں کی کاغذت نامزدگی شامل ہے۔ وفاقی دارالحکومت اسلام آباد سے ایک جنرل اور ایک ٹیکنوکریٹ کی نشست پر 8امیدواروں نے کاغذات نامزدگی جمع کرائے ہیں ان 2 نشستوں پر اب کاغذات جمع کرانے کا وقت ختم ہوگیا ہے جبکہ جنرل نشست پر بھی 5امیدواروں نے کاغذات نامزدگی جمع کرائے ان میں مسلم لیگ (ن) کی جانب سے اسد جونیجو، فرید حسین اور چوہدری عاطف فضل، پیپلزپارٹی کی جانب سے راجہ عمران اشرف، پی ٹی آئی کی جانب سے کنول شازیب شامل ہیں۔ ٹیکنوکریٹ کی نشست پر مسلم لیگ (ن) کے مشاہد حسین سیداور ڈاکٹر طاہر محمود جبکہ پی پی پی کے راجہ شکیل عباسی کی جانب سے کاغذات نامزدگی جمع کرائے گئے ہیں فاٹا کی چاروں نشستوں پر آج پیر تک کاغذات نامزدگی جمع کرائے جاسکتے ہیں۔ اب تک چار امیدوار شمیم آفریدی،ہدایت اللہ، ساجد طوری اور مرزا محمد نے کاغذات جمع کرائے ہیں پنجاب میں سینٹ کی 12 نشستوں پر 34 امیدوار مد مقابل ہیں پنجاب میں 7 جنرل، 2 خواتین کی مخصوص، 2علماء و ٹیکنوکریٹ اور غیر مسلموں کی ایک مخصوص نشست شامل ہیں۔ اس کے علاوہ بلوچستان سے بھی 11 امیدواروں کی کاغذات نامزدگی مکمل کرلی گئی۔ ان امیدواروں میں امیر افضل خان مندوخیل، میر ہمایوں عزیز کرد، نظام دین کاکڑ، محمد صادق سنجرانی، محمد اکرم، کہدہ بابر، احمد خان، محمد عبدالقادر، علاء الدین مولوی فیض محمد اور فتح محمد شامل ہیں، خیبرپی کے سے جنرل نشستوں کے 20 میں سے 15 امیدواروں کے کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال مکمل کرلی گئی ہے۔ کراچی سے سٹاف رپورٹر کے مطابق متحدہ قومی موومنٹ کے فاروق ستار‘ عامر خان گروپ‘ پاک سرزمین پارٹی‘ مسلم لیگ (ن)‘ فنکشنل مسلم لیگ کے 12 امیدواروں کے کاغذات نامزدگی منظورکرلئے گئے‘ایم کیو ایم کے عامر چشتی‘ پی ایس پی کی صوفیہ سعید‘ حسان صابر ایڈووکیٹ سمیت تین امیدوار سینٹ الیکشن کیلئے نااہل ہوگئے‘ ایم کیو ایم کے احمد چنائے‘تحریک انصاف کے نجیب ہارون کی اہلیت کا فیصلہ کل تک ملتوی کردیا گیا۔ الیکشن کمشن سندھ میں سینٹ انتخابات کیلئے امیدواروں کے کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال کا سلسلہ اتوار کو دوسرے روز بھی جاری رہا ڈاکٹرفاروق ستارکے جاری کردہ ٹکٹ پرایم کیو ایم پاکستان کے نامزد امیدواروں کے کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال ہوئی الیکشن کمشنرسندھ یوسف خٹک نے جانچ پڑتال کے بعد جنرل نشست کیلئے امیدوار کامران ٹیسوری‘ علی رضا عابدی‘ حسن فیروز اور خواتین کی مخصوص نشست پر ڈاکٹر نگہت اور منگلا شرما کے غذات نامزدگی منظورکر لئے۔ ایم کیو ایم بہادرآباد گروپ کے ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی کے ٹکٹ پر نامزد امیدواروں فروغ نسیم‘ عبد القادر خانزادہ‘ امین الحق کے کاغذات نامزدگی منظورکر لئے گئے جبکہ اسی گروپ کے عامر چشتی کے کاغذات نامزدگی مالیاتی اداروں کے مقروض ہونے کی وجہ سے مسترد کرتے ہوئے انہیں سینٹ انتخابات کیلئے نااہل قرار دیدیا گیا جبکہ خواتین کی مخصوص نشست کیلئے نسرین جلیل کے کاغذات نامزدگی منظورکر لئے گئے۔ پاک سرزمین پارٹی کے 4 امیدواروں ڈاکٹر صغیر‘ مبشر امام ‘ انیس احمد ایڈووکیٹ‘ دیگر مسلم لیگ (ن) کے امیدوار بابو سرفراز جتوئی‘ فنکشنل مسلم لیگ کے امیدوار سید مظفر حسین شاہ اور ایک آزاد امیدوارآصف خان کے کاغذات نامزدگی بھی منظور کر لئے گئے۔

ای پیپر-دی نیشن