سینٹ ٹکٹ کے لئے40 کروڑ کی پیشکش ہوئی‘ عمران: نثار کو پی ٹی آئی میں شمولیت کی دعوت
اسلام آباد(نوائے وقت رپورٹ+ آئی این پی+اپنے سٹاف رپورٹر سے) عمران خان نے چودھری نثار کو تحریک انصاف میں شمولیت کی دعوت دیدی۔ عمران خان نے کہا ہے کہسابق وزیرداخلہ چودھری نثار تحریک آجائیں تو اچھا ہے۔ سیاست میں دل بڑا کرنا پڑتا ہے۔ عمران خان نے ایک بار پھر آصف زرداری سے اتحاد کو مسترد کردیا۔ بلاول سے اتحاد کا مطلب آصف زرداری سے اتحاد ہے جو ناممکن ہے۔آزاد حیثیت سے الیکشن لڑنے پر چودھری نثار کی حمایت کریں گے۔ اسمبلیوں سے استعفوں کا سوچا تھا لیکن اچھا ہوا نہیں دئیے۔ ہم نے 6 سینیٹرز کے نام فائنل کیے ہیں۔ مولانا سمیع الحق اتحادی ہیں اضافی ووٹ انہیں دے سکتے ہیں۔ ایک شخص نے مجھے سینٹ ٹکٹ کیلئے 40 کروڑ کی پیش کش کی۔ نوازشریف اور زرداری اربوں ڈالرز واپس لے آئیں تو ان کی توبہ قبول ہے پیپلزپارٹی اور ن لیگ سینٹ الیکشن میں پیسے لگا رہے ہیں ۔ پرویز مشرف کو موجودہ حکومت نے خود باہر بھیجا سینٹ انتخابات کے بعد آئندہ الیکشن کیلئے ٹکٹ جاری کریں گے۔ الیکشن کمشن پر بڑے اعتراضات ہیں، خواجہ آصف قومی سلامتی کیلئے خطرہ ہیں، ججز سے درخواست ہے کہ خواجہ آصف کا کیس روزانہ کی بنیاد پر سنا جائے۔ خواجہ آصف کا اپنا گھر ٹھیک کرنے کا بیان قومی سلامتی پر حملہ ہے۔ علاوہ ازیں تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ پولیس اصلاحات سے بلین ٹری پراجیکٹ تک کے خیبرپی کے میں کامیاب پالیسیوں کا تسلسل جاری ہے۔ اتوار کو عمران خان نے اپنے بیان میں کہا پولیس اصلاحات سے بلین ٹری سونامی پراجیکٹ تک خیبرپی کے میں کامیاب پالیسیوں کا طویل سلسلہ جاری ہے۔ کے پی کے میں کی گئی اصلاحات کو ملک کے اندر اور باہر زبردست پذیرائی مل رہی ہے۔