• news

الیکشن میں عوام قومی دولت لوٹنے‘ جھوٹ بولنے والوں کا احتساب کریں گے: شہباز شریف

لاہور(خصوصی رپورٹر) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ عوام کی خدمت ہمارا اوڑھنا بچھونا ہے۔ مسلم لیگ (ن) کی حکومت کھوکھلے نعروں نہیں عملی اقدامات پر یقین رکھتی ہے۔ حکومت نے دل وجان سے عوام کی خدمت کی ہے۔ قیام امن، توانائی بحران کا خاتمہ اور ملک کو ترقی کی راہ پر گامزن کرنا ہماری عوامی خدمت کی روشن مثالیں ہیں۔ عوام کی فلاح و بہبود کے ہر منصوبے پر پیش رفت کی ذاتی طور پر نگرانی کر رہا ہوں۔ میری ہر سانس ملک وقوم کیلئے وقف ہے اور عوام کی خدمت کے لئے اپنا خون پسینہ بہایا ہے۔ عوامی خدمت کے سفر کو رکاوٹوں کے باوجود تیزی سے آگے بڑھایا۔ وزیراعلی نے ان خیالات کا ا ظہار مسلم لیگ (ن) سے تعلق رکھنے والے اسمبلی ارکان کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ وزیراعلی نے کہاکہ مسلم لیگ (ن) کا دور شفافیت، خدمت اور دیانت کا دور ہے اورگزشتہ ساڑھے چار برس میں ملک نے جتنی ترقی کی ہے اس کی مثال نہیں ملتی۔ میٹروبس سروس اور اورنج لائن میٹروٹرین جیسے منصوبے وسائل عوام پر صرف کرنے کی اعلیٰ مثالیں ہیں۔ عوام کی فلاح و بہبود کے منصوبوں کو شفافیت، معیار اور برق رفتاری سے مکمل کر رہے ہیں۔ رکاوٹوں کے باوجود ملک کی ترقی اور عوام کی خوشحالی کے سفر کو تیزی سے آگے بڑھایا ہے۔ ترقی و خوشحالی کے ایجنڈے کو پوری قوت سے آگے بڑھاتے رہیں گے۔ شفافیت اور میرٹ کے کلچر کو فروغ دیا۔ بین الاقوامی ادارے پاکستان میں کرپشن کی کمی اورشفافیت کا اعتراف کررہے ہیں جو موجودہ حکومت کا کریڈٹ ہے۔ مسلم لیگ (ن) کی حکومت نے سماجی شعبوں میں انقلاب برپا کیا۔ تعلیم، صحت اور دیگر شعبوں کی ترقی کے لئے بے مثال اقدامات کیے گئے۔ جنوبی پنجاب کی ترقی اور ترقیاتی منصوبوں کی تکمیل اولین ترجیح ہے اور جنوبی پنجاب کی ترقی کیلئے اربوں روپے صرف کیے جارہے ہیں۔ صوبہ بھر کے ہسپتالوں میں معیاری طبی سہولتوں کی فراہمی کیلئے جدید آلات فراہم کے گئے ہیں۔ اربوں روپے کی مظفرگڑھ سے ڈیرہ غازی خان دورویہ سڑک کی تعمیر تیزی سے جاری ہے اور خانیوال سے لودھراں تک دورویہ سڑک کے منصوبے پر بھی برق رفتاری سے کام ہو رہا ہے۔ ترقیاتی منصوبوں کی شفافیت پر کوئی انگلی نہیں اٹھا سکتا۔کھوکھلے نعرے لگانے اور یوٹرن لینے والے اپنے صوبے میں ڈینگی آنے پر پہاڑوں پر چڑھ گئے۔ عوام انتخابات میں قومی دولت لوٹنے اور جھوٹ بولنے والوں کا احتساب کریں گے۔ 2018ء کے انتخابات میں کامیابی حاصل کرکے ملک بھر میں خدمت کے نئے ریکارڈ قائم کریں گے۔ سابق حکمرانوں کی کرپشن اور لوٹ مار کی کہانیاں ہر خاص وعام کی زبان پر ہیں-دھرنے احتجاج اور انتشار کی سیاست کرنے والوں کی عوام دشمنی بھی عیاں ہے- اگر یہ عناصر منفی رویے نہ اپناتے تو آج بہت سے منصوبے مکمل ہوچکے ہوتے۔ اورنج لائن میٹروٹرین کا عظیم الشان فلاحی منصوبہ بھی ان عناصر کی ترقی مخالف سوچ کے باعث تاخیر کا شکار ہوا ہے۔ وزیراعلیٰ نے مفتی محمد حسین نعیمی مرحوم کی اہلیہ اور ڈاکٹر محمد سرفراز نعیمی کی والدہ ماجدہ کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ وزیراعلیٰ نے سینئر صحافی شاہد شیخ کی بیٹی کے انتقال پر بھی گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔

ای پیپر-دی نیشن