پنجاب میں پولیس مقابلوں پر چیف جسٹس کا از خود نوٹس‘ آئی جی سے رپورٹ طلب
لاہور ( خصوصی رپورٹر+آن لائن+این این آئی) چیف جسٹس میاں ثاقب نثار نے پنجاب میں پولیس مقابلوں کا ازخود نوٹس لے لیا۔ چیف جسٹس نے آئی جی پنجاب سے ایک سال میں ہونے والے پولیس مقابلوں کی تفصیلات طلب کرلیں۔ سپریم کورٹ رجسٹری لاہور میں صاف پانی اور سکیورٹی کے نام پر سڑکوں کی بندش کے حوالے سے ازخود نوٹس کیس کی سماعت کے موقع پر چیف جسٹس نے پنجاب میں پولیس مقابلوں کا نوٹس لیتے ہوئے ایک سال میں ہونے والے پولیس مقابلوں کی تفصیلات طلب کرلیں۔ چیف جسٹس نے اپنے ریمارکس میں کہا ’آئی جی پنجاب ایک ہفتے میں رپورٹ دیں کہ کتنے بندے مارے۔ سیکرٹری داخلہ نے رپورٹ دینے کیلئے 10روز مہلت کی استدعا کی جسے عدالت نے مسترد کر دیا۔دریں اثناء تحریک انصاف نے پنجاب میں پولیس مقابلوں پرچیف جسٹس کے نوٹس کاخیرمقدم کیا ہے۔ایک بیان میں تحریک انصاف کے ترجمان فواد چودھری نے کہا کہ پنجاب میں جعلی پولیس مقابلوں کاکوئی شمارہی نہیں، صرف قصورمیں 137 لوگوں کوجعلی پولیس مقابلوں میں ماراگیا۔فواد چوہدر ی نے کہاکہ شہبازشریف کے ایماپرجعلی پولیس مقابلوں کا ریکارڈبہت خوفناک ہے،پولیس مقابلوں میں ہلاک غریب لوگوں کاکوئی پرسان حال نہیں۔انہوںنے کہاکہ پی ٹی آئی مقدمے میں فریق اورقانونی معاونت فراہم کریگی۔فواد چودھری نے کہا کہ سپریم کورٹ نے رانا ثنااللہ کے دعوے کی تردید کر دی،صوبائی وزیر قانون کیخلاف توہین عدالت کی کارروائی کی جائے ۔