برکی: 3 روز قبل اغوا ہونیوالے 26 سالہ کانسٹیبل کی تشدد زدہ نعش کاہنہ سے برآمد
لاہور (نامہ نگار) برکی کے علاقہ سے تین روز قبل اغوا ہونے والے 26سالہ پولیس کانسٹیبل کی کاہنہ میں گندے نالے کے قریب سے تشدد زدہ نعش مل گئی۔ پولیس نے نعش پوسٹمارٹم کے لئے مردہ خانے جمع کراکر تفتیش شروع کردی ہے۔ تفصیلات کے مطابق برکی کے علاقہ گائوں ہرکا کلاں کا رہائشی 26 سالہ نوجوان عثمان پنجاب کانسٹیبلری میں تعینات تھا جو کہ 9 فروری 2018 کو پراسرار طور پر لاپتہ ہوگیا، جس کے جسم پر تشدد کے نشانات کے علاوہ اسے سر پر آہنی راڈ مار کر موت کے گھاٹ اتارا گیا ہے۔ پولیس کے مطابق نامعلوم ملزمان نے کانسٹیبل عثمان کو اغوا کے بعد بہیمانہ تشدد کا نشانہ بنا کر قتل کرکے نعش یہاں پھینک دی۔ یہ واقعہ پرانی دشمنی کا شاخسانہ لگتا ہے۔ جلد ملزمان کو گرفتار کرلیا جائے گا۔