• news

خواجہ آصف کے کہنے پر سمبڑیال میں 2 وفاقی یونیورسٹیوں کیلئے 50، 50 ایکڑ زمین منظور

لاہور (معین اظہر سے) قومی الیکشن سے پہلے وفاقی وزیر خارجہ خواجہ آصف کے کہنے پر پنجاب حکومت نے وزارت سائنس اینڈ ٹیکنالوجی ، اور وزارت دفاع کی درخواست کے بغیر ہی دو وفاقی یونیورسٹیوں کیلئے سمبٹریال میں فی یونیورسٹی 50 ایکٹر زمین لیز پر دینے کی منظوری دیدی ہے۔ کابینہ کے اجلاس کی بجائے کابینہ کے ارکان سے اس کی منظوری تھرو سرکولیشن لی گئی ہے جبکہ محکمہ قانون نے زرعی زمین اور گرین لینڈ پر یونیورسٹی قائم کرنے پر اعتراض لگایا تھا۔ قانون کے مطابق حکومت زمین 20 سال کی لیز پر دے سکتی تھی مگر اب قانون میں نرمی کر کے زمین 33 سال کی لیز پر دی گئی ہے۔ وزارت سائنس اینڈ ٹیکنالوجی کو زمین نیشنل یونیورسٹی اینڈ سائنس اینڈ ٹیکنالوجی کے لئے دی گئی ہے اور وزارت دفاع کو بحریہ یونیورسٹی کے لئے جگہ دی گئی ہے جبکہ اسی علاقے میں 200 ایکڑ رقبے پر ہائیر ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ گورمنٹ کالج فار ویمن یونیورسٹی بنا رہی ہے۔ سمبٹریال میں 500 ایکٹر زمین سویڈیشن یونیورسٹی کے لئے رکھی گئی تھی لیکن وفاقی حکومت کی پالیسوں کی وجہ سے یہ یونیورسٹی نہیں بن سکی۔ تفصیلات کے مطابق رواں سال الیکشن ہونے ہیں اسلئے وفاقی وزراء اور ارکان اسمبلی اپنے علاقوں میں بڑے کارناموں کے لئے نئے پراجیکٹ تیزی سے منظور کرانے میں لگے ہوئے ہیں محکمہ ہائیر ایجوکیشن کی جانب سے وزیر اعلی پنجاب کو بھجوائی سمری میں کہا گیا تھا ہمیں وزیر اعلی سیکرٹریٹ سے ایک ریفرنس ملا تھا جس میں وزیر خارجہ خواجہ آصف نے درخواست کی تھی ۔ یہ ریفرنس وزیر اعلی سیکرٹریٹ کو وزیر اعظم سیکرٹریٹ کی جانب سے جاری کیا گیا تھا ۔ اس درخواست میں کہا گیا تھا نیشنل یونیورسٹی سائنس اینڈ ٹیکنالوجی اور بحریہ یونیورسٹی کو سیالکوٹ سمبڑیال میں یونیورسٹی بنانے کے لئے جگہ فراہم کی جائے۔ جس پر وزیر اعلی پنجاب نے اس کا جائزہ لے کر عمل درآمد کی ہدایات کی تھیں۔ہائیر ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ نے وزیر اعلی کی ہدایات پر فوری عمل کرتے ہوئے یورنیوسٹی کے لئے جگہ فراہم کرنے کی ہدایت کی تھی تاہم محکمہ قانون پنجاب نے اپنی رپورٹ میں کہا جو جگہ دی جارہی ہے وہ گرین لینڈ ہے اسلئے اسے یورنیورسٹی کے لئے نہ دیا جائے اس سے حکومت زراعت کے لئے اچھی جگہ سے محروم ہو جائے گی۔ کوئی اور جگہ فراہم کر دی جائے۔ جس پر بورڈ آف ریونیو نے کہا کہ دونوں یورنیوسٹیوں کے لئے جگہ 20 سال کی لیز پر دی جائے۔ تاہم اعتراضات کو دور کرنے کے لئے محکمہ ہائرایجوکیشن کے افسران نے اس پر اعتراض لگایا چونکہ 500 ایکڑ زمین جو سویڈیشن یونیورسٹی کے لئے رکھی گئی تھی بعد میں حکومت پنجاب نے اس زمین پر نالج پارک بنانے کا فیصلہ کیا ہوا ہے اس میں سے زمین کس طرح دی جاسکتی ہے۔ انہوں نے کہا دونوں وفاقی وزارتوں کو زمین ملکیت پر دی جائے، مفت دی جائے یا لیز پر دی جائے اس کا پہلے فیصلہ کیا جائے۔ تمام اعتراضات پر چیف سیکرٹری پنجاب نے وزیر اعلی پنجاب کو نوٹ بھجوایا کہ اس زمین پر کابینہ ارکان سے تھرو سرکولیشن منظوری لینے کی بجائے کابینہ کے اجلاس میں پیش کر کے گفتگو کی جائے جس پر وزیر اعلی کے سیکرٹری نے کہا کابینہ کمیٹی برائے قانون سازی کے پاس کیس کو بھجوا کر تمام محکموں کے اعتراضات کا جائزہ لیا جائے اس میں چیف سیکرٹری اور ایڈووکیٹ جنرل کو بھی شامل کر لیا جائے۔ اس پر کابینہ ارکان سے سرکولیشن کے ذریعے منظوری لی گئی کہ وزارت سائنس اینڈ ٹیکنالوجی اور وزارت دفاع کو 50 ، 50 ایکڑ زمین دے دی جائے ۔ یہ زمین متعلقہ یونیورسٹیوں کو لیز پر دی جائے گی اور لیز 33 سال کے لئے ہو گی۔ اس لیز پریڈ میں اضافہ بھی کیا جاسکتا ہے اس کا سالانہ فی ایکڑ رینٹ 100 روپے ہو گا۔

ای پیپر-دی نیشن