لاہور کے مختلف علاقوں میں لاکھوں کے ڈاکے‘ 2 کاریں‘ 8 موٹرسائیکل چوری
لاہور (نامہ نگار) شہر کے مختلف علاقوں میں ڈاکوئوں اور چوروں نے وارداتوں کے دوران متعدد شہریوں سے لاکھوں مالیت کی نقدی‘ طلائی زیورات‘ موبائل فون‘ گاڑیاں‘ موٹرسائیکلیں اور دیگر سامان لوٹ لیا ہے۔ ڈاکوئوں نے نواب ٹائون کے علاقہ میں امجد کے گھر گھس کر اہل خانہ کو یرغمال بنا کر 11 لاکھ مالیت‘ کوٹ لکھپت کے علاقہ میں ادریس کے گھر سے 4 لاکھ مالیت کی نقدی‘ طلائی زیورات‘ موبائل فون اور دیگر سامان‘ فیکٹری ایریا میں جنید اور اس کی فیملی سے 4 لاکھ 35 ہزار مالیت‘ اسلام پورہ میں مرتضیٰ اور اس کی فیملی سے 3 لاکھ مالیت‘ شالیمار کے علاقہ میں نسرین سے ڈیڑھ لاکھ مالیت کی نقدی‘ طلائی زیورات اور موبائل فون‘ شیراکوٹ میں عمران سے ایک لاکھ 85 ہزار‘ ریس کورس میں منصورالحق سے سوا لاکھ اور موبائل فون‘ ہربنس پورہ میں عبدالغفور سے 56 ہزار اور موبائل فون‘ شاہدرہ میں عمر سے 53 ہزار اور موبائل فون‘ اقبال ٹائون میں عثمان علی سے 30 ہزار اور موبائل فون‘ کاہنہ میں منیر احمد سے 85 سو اور موبائل فون لوٹ لیا ہے۔ چوروں نے اسلام پورہ سے مجید‘ جوہر ٹائون سے اسلم گجر کی کاریں جبکہ انارکلی سے سرور علی‘ شاہدرہ میں احد‘ سول لائن میں عاقب‘ گڑھی شاہو سے سلیم احمد‘ ساندہ میں صفدر شاہ‘ غالب مارکیٹ سے فرحان علی‘ باغبانپورہ میں پرویز‘ ہربنس پورہ سے اخلاق احمد کی موٹرسائیکلیں چوری کر لی ہیں۔