• news

لاہور سمیت قصور، للیانی، اختر آباد سے 199 پتنگ باز گرفتار، ہزاروں پتنگیں ڈور برآمد

لاہور+ قصور+ مصطفی آباد+ للیانی+ اختر آباد+ راجووال (نامہ نگاران) صوبائی دارالحکومت سمیت مختلف شہروں میں پابندی کے باوجود پتنگ بازی کا سلسلہ جاری رہا۔ پولیس نے کریک ڈائون کرتے ہوئے لاہور سے 171 جبکہ للیانی سے 3، راجووال سے ایک، قصور سے 24 پتنگ بازوں کو گرفتار کرکے قبضے سے ہزاروں پتنگیں‘ سینکڑوں ڈور کی چرخیاں اور پنیاں برآمد کرلی گئیں‘ 191 ملزموں کیخلاف مقدمات درج کئے۔ تفصیلات کے مطابق پتنگ بازی کے قاتل کھیل پر پابندی کے باوجود اتوار کو چھٹی کے روز شہر کے مختلف علاقوں شاہدرہ ،شاہدرہ ٹائون ،راوی روڈ ،نولکھا ،شفیق آباد ،ٹبی سٹی ،مصری شاہ، اسلام پورہ ،نیوانارکلی ،گجر پورہ ،شالیمار ،سول لائن ،قلعہ گجر سنگھ ،گڑھی شاہو، لٹن روڈ ،مزنگ ،سمن آباد ،ملت پارک ،گلشن راوی ،شیراکوٹ ،وحدت کالونی ،اقبال ٹائون ،گلبرگ، لیاقت آباد ،فیصل ٹائون ،غالب مارکیٹ ،کاہنہ ،نصیر آباد ،کوٹ لکھپت ،نشتر کالونی ،فیکٹری ایریا، غازی آباد ،ہنجروال ،ٹائون شپ ،گرین ٹائون ،سٹی رائیونڈ ،دھرم پورہ ،ہربنس پورہ ،صدر بازار سمیت شہر کے دیگر علاقوں میں پتنگ بازی کا سلسلہ جاری رہا۔ پولیس اس قاتل کھیل کو روکنے میں ناکام رہی جبکہ بعض مقامات پر پولیس پتنگ بازوں سے دیہاڑیوں لگاتی رہی۔ ڈی آئی جی آپریشز ڈاکٹر حیدر اشرف نے تمام ڈویژنل ایس پیز کو خصوصی پولیس ٹیمیں تشکیل دے کر شہر میں پتنگ بازی، پتنگ بنانے اور فروخت کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کرنے کا حکم دیا تھا جس پر شہر میں163مقدمات درج کرکے171ملزمان کو گرفتار کرلیا۔ ملزمان کے قبضہ سے 25سوسے زائد پتنگیں، 7سوچرخیاں اور 150پنی ڈور برآمدکرلی گئی۔ ڈی آئی جی آپریشز ڈاکٹر حیدر اشرف نے کہاکہ شہر میں کسی کو بھی جان لیوا کھیل کھیلنے کی اجازت نہیں دے سکتے۔ والدین اپنے بچوں کو ایسے خطرناک کھیل سے دور رکھیں۔ للیانی سے نامہ نگار کے مطابق للیانی پولیس نے ڈی پی او قصور زاہد نواز مروت کی خصوصی ہدائت پر پتنگ بازوں کے خلاف جاری کریک ڈاؤن کے دوران3پتنگ بازوں امجد علی، ماجد علی اور ذوہیب کو گرفتار کر کے ان کے قبضہ سے 70پتنگیں اور 8ریل ڈور برآمد کر کے الگ الگ مقدمات درج کر دئیے۔ ڈی پی او قصورزاہد نواز مروت کی خصوصی ہدایات پرایس ڈی پی اوز کی زیرنگرانی ضلع بھر میں پتنگ بازووں اور بنانے والوں کے خلاف کریک ڈائون جاری ہے اس سلسلہ میں شہر بھر اور گردونواح میں پتنگ بازوں اور بنانے والوں کے خلاف کریک ڈائون کیا اور24ملزمان کو گرفتار کر کے سینکڑوں کی تعداد میں پتنگیں اورڈور کی چرخیاںبرآمد کرکے مقدمات درج کرلیے ہیں۔ڈی پی اوقصورزاہد نواز مروت نے والدین سے اپیل کی کہ وہ اپنے بچوں کو اس خونی کھیل سے روکیں ورنہ فوری مقدمہ درج کر کے حوالات میں بند کیا جائے گا، اختر آباد اور راجووال سے نامہ نگاران کے مطابق ڈور اور پتنگیں فروخت کرنے پر ایک شخص گرفتار، بھاری تعداد میں پتنگیں برآمد، مقدمہ درج کر لیا گیا۔

ای پیپر-دی نیشن