متحدہ دھڑے پی پی میں آجائیں‘ عاصم: اختلافات کا فائدہ کیوں نہ اٹھائیں‘ مراد شاہ
کراچی(وقائع نگار+آن لائن) پیپلز پارٹی کے رہنمائوں کی جانب سے ایم کیو ایم پاکستان کے اندرونی اختلافات کے حوالے سے دلچسپ تبصرے سامنے آئے ہیں۔ ڈاکٹر عاصم نے کہا کامران ٹیسوری کو امریکہ جاکر آرام کرنا چاہئے۔ پیپلز پارٹی کے رہنمائوں نے کامران ٹیسوری کو خودکش بمبار قرار دیتے ہوئے کہا کامران ٹیسوری جس پارٹی میں بھی جاتے ہیں تباہی مچا دیتے ہیں۔ وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا ہے الیکشن میں پیپلز پارٹی ہر جگہ موقع سے بھرپور فائدہ اٹھانے کی کوشش کرے گی۔ آن لائن کے مطابق رہنما ڈاکٹر عاصم نے ایم کیو ایم کے تمام دھڑوں کو پیپلزپارٹی میں شمولیت کی دعوت دے دی ہے۔462 ارب کے کرپشن ریفرنس کی سماعت کے بعد ڈاکٹرعاصم نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ایم کیو ایم والوں سے کہتاہوں اب نیشنل لیول کی سیاست میں آئیں۔انہوں نے پی ٹی آئی پر تنقید کرتے ہوئے کہا تحریک انصاف کا خزانہ بہت بڑا ہے۔ پی ٹی آئی والے بڑے بڑے جلسے کررہے ہیں، یہ پیسہ کہاں سے آیا۔انہوں نے مزید کہا کہ خیبرپی کے میں معدنیات کی بھرمار ہے۔ پی ٹی آئی معدنیات کی سمگلنگ کررہی ہے۔ آصف زرداری کو صرف سیاسی انتقام کا نشانہ بنایا جارہا ہے۔پیپلزپارٹی کے رہنما سعید غنی نے ایم کیو ایم کے الزام پر کہا ہے ایم کیو ایم اپنا گھر ٹھیک کرے ارکان پارلیمان متحدہ کے قابو میں نہیں اپنی ہار دیکھ کر متحدہ الزام لگانے لگی ایم کیو ایم کے اختلافات سے فائدہ کیوں نہ اٹھائیں۔