• news

لودھراں الیکشن میں شکست تحریک انصاف کیلئے بہت بڑا سیاسی دھچکا

اسلام آباد (محمد نواز رضا۔ وقائع نگار خصوصی) تحریک انصاف کے سیکرٹری جنرل جہانگیر ترین کی نااہلی سے خالی ہونے والی این اے 154 کی نشست پر ضمنی انتخابات کا معرکہ تحریک انصاف کیلئے ’’واٹر لو‘‘ ٹائپ ہوا۔ تحریک انصاف کو مسلم لیگ (ن) کے امیدوار اقبال شاہ کے ہاتھوں بہت بڑا سیاسی دھچکا لگا جو جولائی 2018 ء کے انتخابات کے نتائج کی عکاسی کرتا ہے۔ سیاسی تجزیہ کاروں کے مطابق سابق وزیراعظم محمد نواز شریف کی نااہلی کے بعد ان کے ’’سیاسی بیانیہ‘‘ کو عوام میں زبردست پذیرائی حاصل ہو رہی ہے۔ لودھراں کی نشست جہانگیر ترین نے 40 ہزار کی اکثریت سے جیتی تھی لیکن پچھلے 8, 7 ماہ کے دوران ہوا کا رخ تبدیل ہو گیا۔ لودھراں کے ضمنی انتخاب میں عمران خان نے خود انتخابی جلسہ سے خطاب کیا۔ جبکہ مسلم لیگ (ن) کے کسی رہنما نے انتخابی جلسہ سے خطاب نہیں کیا۔ الیکشن کمیشن نے انتخابی جلسہ کرنے پر عمران خان اور شیخ رشید احمد کو نوٹس دیا اس کے باوجود مسلم لیگ (ن) نے کامیابی حاصل کی۔ سیاسی حلقے مسلم لیگ (ن) کی کامیابی پر حیران و ششدر ہیں۔ انتخابی معرکہ میں یہ بڑا ’’اپ سیٹ‘‘ ہے جس نے مسلم لیگ (ن) کی قوت میں اضافہ کر دیا۔ انتخابی نتیجہ نے سابق وزیراعظم محمد نواز شریف کے اعتماد میں اضافہ ہوا ہے۔ ذرائع کے مطابق مسلم لیگ (ن) کی کامیابی نے ان قوتوں کو پریشان کر دیا ہے جو مسلم لیگ (ن) کے ٹکڑے ٹکڑے کرنے کے خواب دیکھ رہے تھے۔
سیاسی دھچکا

ای پیپر-دی نیشن