بین الاقوامی ایونٹس کی کمی سے پاکستانی ہاکی امپائرز کو زیادہ مواقع نہیں ملتے: عاطف ملک
لاہور ( سپورٹس رپورٹر ) پاکستان ہاکی کے ابھرتے ہوئے نوجوان انٹرنیشنل امپائر حافظ عاطف ملک عمان کے تین ملکی ٹورنامنٹ میں فرائض کی انجام دہی کے لیے مسقط روانہ ہو گئے۔ روانگی سے قبل لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عاطف ملک کا کہنا تھا کہ پاکستان میں بین الاقوامی ایونٹس کی کمی کی وجہ سے پاکستان امپائرز کو بین الاقوامی سطح پر اپنی صلاحیتوں کے اظہار کا موقع نہیں مل رہا ہے۔ اچھی بات ہے کہ پاکستان ہاکی فیڈریشن کے سیکرٹری امپائرنگ کے شعبہ کی بہتری کے لیے اپنے امپائرز کو بین الاقوامی ٹورنامنٹس کے لیے بھجوا رہا ہے۔ گذشتہ سال اذلان شاہ کپ ہاکی ٹورنامنٹ میں بطور امپائر خدمات انجام دی تھیں اس مرتبہ عمان میں تین ملکی ٹورنامنٹ میں فرائض انجام دینے جا رہا ہوں۔ میری پوری کوشش ہوگی کہ اچھی امپائرنگ کر کے پاکستان کا نام روشن کروں۔ حافظ عاطف ملک کا کہنا تھا کہ میرا ہدف دنیا کے بہترین امپائرز میں اپنا نام بنانا ہے۔ سیکرٹری پی ایچ ایف شہباز احمد سینئر کھیل کے ساتھ ساتھ پاکستان کے امپائرنگ شعبہ میں بہتری لانے کے لیے اقدامات کر رہے ہیں۔ انٹرنیشنل ہاکی فیڈریشن کے امپائرنگ پینل میں شامل ہیں امید ہے کہ مستقبل میں بڑے ٹورنامنٹس میں بھی فرائض انجام دینے کا موقع ملے گا۔