• news

خواتین ہاکی کھلاڑیوں کو ہراساں کرنے کے معاملے کا ڈراپ سین

لاہور ( سپورٹس رپورٹر )خواتین ہاکی کھلاڑیوں کو ہراساں کرنے کے معاملے کا ڈراپ سین ہو گیا۔ پاکستان ہاکی فیڈریشن نے سیدہ سعدیہ اور اقراء جاوید کو کلئیر قرار دے دیا۔ دونوں کھلاڑیوں نے سیکرٹری پی ایچ ایف شہباز سینئر اورڈسپلنری کمیٹی کے چیئرمین نوید عالم کے ساتھ ملاقات میں پاکستان کے لئے کھیلنے پر رضا مندی ظاہر کردی ۔ سیدہ سعدیہ نے پاکستان ہاکی فیڈریشن کے ہیڈکوارٹر نیشنل ہاکی سٹیڈیم میں سیکرٹری پی ایچ ایف شہباز احمد سینئر اور چیئرمین پی ایچ ایف ڈسپلنری کمیٹی اولمپئین نوید عالم سے ملاقات کی، ملاقات میں سیدہ سعدیہ نے موقف اختیار کیا کہ ان کا تنازعہ کوچ کے ساتھ تھا، لہذا اب وہ پاکستان ہاکی کے لئے دستیاب ہیں۔ پی ایچ ایف کے مطابق سیدہ سعدیہ اور اقرا جاوید سلیکشن کیلئے دستیاب ہوں گی۔ پی ایچ ایف ڈسپلنری کمیٹی کے چیئرمین نوید عالم نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ معاملے کو احسن انداز میں حل کرلیا گیا ہے تنازعہ ختم ہونے کے بعد سیدہ سعدیہ اور اقرا جاوید قومی ہاکی خواتین ہاکی ٹیم میں انتخاب کے لئے دستیاب ہوں گی۔

ای پیپر-دی نیشن