نیب لاہور، بلوچستان، سکھر کی کارروائیاں کرپشن، فراڈ میں ملوث 2 مفرور ملزم گرفتار
لاہور/ کوئٹہ (سٹاف رپورٹر + نوائے وقت رپورٹ) نیب لاہور نے دھوکہ دہی کے الزام میں 2015 سے مفرور ملزم یاسر شریف کو گرفتار کرلیا۔ ملزم پر الزام ہے کہ دیگر شریک ملزمان رانا محسن بھٹی، محمد شریف اور ملزم یوسف منج سے ملی بھگت کرتے ہوئے عوام سے 6کروڑ 70لاکھ مالیت کا خام لوہا مارکیٹ سے زیادہ نرخوں پر خرید ا جبکہ بعد ازاں عوام کو منافع دیا گیا نہ ہی انکی رقوم لوٹائی گئیں۔ متاثرین کی جانب سے نیب لاہور میں ملزمان کے خلاف دھوکہ دہی کے ذریعے رقوم ہتھیانے اور عوام کو انکی کروڑوں روپے مالیت کی جمع پونجی سے محروم کرنے کی شکایات پر تحقیقات کا آغاز کیا گیا جبکہ ٹھوس شواہد کی بنیاد پر تین ملزمان کی گرفتاری عمل میں لائی گئی۔ نوائے وقت رپورٹ کے مطابق نیب بلوچستان اور سکھر ٹیم نے مشترکہ کارروائی کرکے مفرور ملزم کو گرفتار کرلیا۔ نیب ترجمان کے مطابق ملزم حبیب اللہ کو کوئٹہ سے گرفتار کیا گیا۔ ملزم کا سفری ریمانڈ حاصل کرکے مزید ریمانڈ کیلئے احتساب عدالت سکھر میں پیش کیا جائے گا۔ ملزم لاکھوں روپے کی کرپشن کے کیس میں مطلوب تھا۔