• news

چین سی پیک تحت پاکستان میں تمام منصوبوں پر کام جاری رکھنے کا خواہشمند

اسلام آباد (آن لائن+ این این آئی) چین سی پیک کے تحت پاکستان میں تمام منصوبوں پر بلاتاخیر تیزی سے کام جاری رکھنے کا خواہش مند ہے۔ ان منصوبوں پر ساتویں مشترکہ رابطہ کمیٹی کے اجلاس میں اتفاق کیا گیا تھا۔ اس حوالے سے چین کا اعلیٰ سطحی وفدچین منصوبوں پر کام کی رفتارکے جائزے کیلئے آئندہ ماہ پاکستان کا دورہ کریگا۔ سی پیک کے پراجیکٹ ڈائریکٹر حسن دائود بٹ کا کہنا ہے کہ وفد اعلی سطح کی حکومتی شخصیت اور مقامی کاروباری افراد سے ملاقاتیں کرے گا جبکہ تمام صوبوں کے بھی دورے کریگا تاکہ سی پیک کے تحت قائم کئے جانے والے تمام 9 اقتصادی زونز پر کام کی رفتار کا جائزہ لیا جا سکے اوررفتار کو بڑھایا جا سکے۔انہوں نے بتایا کہ چین پاکستان اقتصادی راہداری مین لائن، ریلوے ٹریک کے منصوبوں پر بلا تاخیر تیزی سے کام جاری ہے جبکہ جن منصوبوں پر21 نومبر2017 ء کو یہاں منعقد ہونے والے ساتویں مشترکہ رابطہ کمیٹی کے اجلاس میں اتفاق کیا گیا تھا وہ بھی تیزی سے جاری و ساری ہیں۔ دونوں ممالک نے اتفاق کیا تھا کہ ان منصوبوں کو جلد سے جلد مکمل کیا جائیگا۔پاکستان میں چین کے سفیر ژائو جنگ نے کہا ہے کہ سی پیک دونوں ملکوں کے درمیان برسوں پر محیط پرانی دوستی کا ایک عکس ہے۔ منصوبہ آنے والی نسلوں کو نئی بلندیوں پر لے جائے گا۔ دونوں ملکوں میں ثقافتی اور سماجی و سیاسی تعلقات میں بڑھوتری کیلئے اس کا اہم کردار ہے۔

ای پیپر-دی نیشن