رکن خیبر پی کے اسمبلی کا انوکھا احتجاج، سیٹیاں بجا کر سپیکر کو بولنے نہیں دیا‘ اجلاس ملتوی
پشاور (اے پی پی) خیبر پی کے اسمبلی میں تحریک انصاف کے رکن صوبائی اسمبلی کا انوکھا احتجاج، سیٹیاں بجا بجا کر سپیکر کو بولنے سے منع کیا۔ گزشتہ روز ڈپٹی سپیکر مہر تاج روغانی کی زیرصدارت خیبر پی کے اسمبلی کااجلاس شروع ہوا تو وقفہ سوالات کے دوران کوہاٹ سے منتخب پی ٹی آئی کے رکن اسمبلی امجدآفریدی نے کہاکہ سات ماہ قبل انہوں نے ایوان میں احتجاج کیا تھا کہ ان کو رائلٹی فنڈنہیں دیاجارہا اوراسکے ساتھ ہی انہوں نے جیب سے ٹریفک سپاہی کی سیٹی نکال کر بجاناشروع کی۔ ڈپٹی سپیکر مہرتاج روغانی جونہی بولناشروع کرتی یہ سیٹیاں بجاکر اس کو منع کرتا اس دوران وزیرقانون امتیازشاہدقریشی نے بھی بولنے کی کوشش کی لیکن امجدآفریدی سیٹی بجاکرکسی کو بولنے نہیں دے رہاتھا۔ اپوزیشن جماعتوں نے بھی امجدآفریدی کاساتھ دیناشروع کردیا اور تالیاں اور ڈیسک بجابجاکراس کا بھرپور ساتھ دیا۔ ڈپٹی سپیکر نے کہاکہ انہوں نے اپنی پوری زندگی میں ایسے ڈرامے نہیں دیکھے جیسے وہ اب دیکھ رہی ہے۔ تاہم سیٹیوں کی آوازمیں کسی نے ان کی ایک نہ سنی جس کے بعد ڈپٹی سپیکر نے اجلاس کو ملتوی کردیا۔