جنرل زبیر محمود اور خواجہ آصف سے ازبک وزیر خارجہ کی الگ الگ ملاقات باہمی تعاون، سکیورٹی امور پر تبادلہ خیال
اسلام آباد + راولپنڈی (سٹاف رپورٹر + نوائے وقت رپورٹ) پاکستان کے دورہ پر آئے ہوئے ازبک وزیر خارجہ عبدالعزیز کامل نے پیر کے روز وزیر خارجہ خواجہ آصف سے ملاقات کر کے ازبکستان کے صدر میر ضیایوف شوکت میرومونوچ کی طرف سے صدر ممنون حسین کے نام ایک خصوصی خط بھی حوالے کیا جس میں صدر پاکستان کو 26مارچ کو تاشقند میں ’’امن عمل اور سکیورٹی و علاقائی تعاون‘‘ کے موضوع پر منعقد ہونے والی کانفرنس میں شرکت کی دعوت دی گئی۔ چار رکنی وفد بھی ازبک وزیرخارجہ کے ہمراہ تھا۔ مہمان وزیرخارجہ نے ملاقات میں دوطرفہ امور کے علاوہ دونوں برادر ممالک کے درمیان قریبی تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے حوالے سے مختلف اقدامات پر بات چیت کی۔ نوائے وقت رپورٹ کے مطابق جنرل زبیر محمود حیات سے ازبکستان کے وزیر خارجہ نے ملاقات کی۔ آئی ایس پی آر کے مطابق باہمی تعاون اور سکیورٹی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ازبک وزیر خارجہ نے دہشت گردی کیخلاف پاک فوج کے اقدامات کو سراہا۔