• news

بھارت غلط اندازہ نہ لگائے، مہم جوئی کی تو بھر پور جواب دینگے: وزیر دفاع

اسلام آباد (اسٹاف رپورٹر+ صباح نیوز) وزیر دفاع خرم دستگیر نے بھارت کو خبردار کیا ہے اس نے پاکستان کے ساتھ کسی بھی طرح کی جارحیت کرنے کی کوشش کی تو اسے اسی کی زبان میں جواب دیا جائے گا۔ وزیر دفاع نے کہا بھارت کو اس کے خیال، پیمانے اور جگہ سے قطع نظر کسی بھی جارحیت، غلط اندازے یا مہم جوئی کی صورت میں بھرپور جوابی کارروائی کا سامنا کرنا پڑے گا۔ بیان میں کہا گیا بھارت کو اسلام آباد پر بغیر کسی ثبوت کے الزامات لگانے کے بجائے پاکستان مخالف ریاستی سپانسر جاسوسی کا جواب دینا چاہیے۔ بیان میں کہا گیا دنیا کے سامنے بلوچستان سے گرفتار ہونے والا ’را‘ کا افسر کلبھوشن یادیو زندہ ثبوت ہے۔ سمجھوتہ ایکسپریس کے ملزموں کی سزا کے حوالے سے بیان میں کہا گیا بھارت سمجھوتہ ایکسپریس کے حادثے میں جاں بحق ہونے والے 42 پاکستانیوں کو انصاف فراہم کرنے اور قاتل کو سزا دینے میں ناکام ہوگیا ہے۔ انہوں نے کہا بھارت اپنے قول و فعل سے خطے میں عدم توازن پیدا کر رہا ہے، جہاں وہ ایک جانب ایٹمی اثاثوں کے حوالے سے بے بنیاد بیانات دے رہا ہے وہیں اس نے لائن آف کنٹرول (ایل او سی) اور ورکنگ باؤنڈری پر گزشتہ برس غیر مسلح عام شہریوں پر پانچ گناہ زیادہ حملے کیے جس میں متعدد شہری شہید ہوئے۔ بیان میں کہا گیا پاک فوج ہر طرح کی جارحیت سے نمٹنے اور ملکی سالمیت کے دفاع کے لیے بھرپور انداز میں تیار ہے، اور پاکستانی قوم کی حمایت سے مسلح افواج زمین، سمندر اور فضا میں ہر وقت چوکنا ہے اور پاکستان کے ایک ایک انچ کا دفاع کرے گی۔پاکستان مخالف حکومت کے زیر اثر بھارت کی جانب سے کسی مہم جوئی کا آغاز ہوا تو وہ جنوبی ایشیا کے استحکام پر بری طرح اثر انداز ہوگا۔صباح نیوز کے مطابق پاکستان نے بھارتی وزیر دفاع کے الزامات کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے بھارتی الزام تراشی قابل افسوس ثبوت فراہم کیے بغیر الزام تراشی بھارت کا وطیرہ بن چکا ہے ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق بھارتی الزام تراشی قبل از وقت ہے اور بھارت خود اس وقت آپریشن میں مصروف تھا تحقیقات سے پہلے ہی پاکستان پر الزام دھر دیا گیا ہم بارہا دیکھ چکے ہیں بھارت خود ہی مدعی اور منصف بن جاتا ہے بھارتی الزام تراشی کی مہم جوئی کی کوئی وقعت نہیں ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق بھارت نے کٹاس راج آنے کے خواہشمند اپنے شہریوں کو پاکستان آنے سے روک دیا ہے اور بھارتی وزارت داخلہ نے اپنے زائرین کو این او سی دینے سے انکار کر دیا ہے اور انہیں درخواستیں واپس لینے کا حکم دیا ہے جبکہ پاکستان نے کٹاس راج زائرین سے متعلق بھارتی الزامات مسترد کر تے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان نے زائرین کے دورہ کے لئے تمام انتظامات کئے تھے ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ بھارت بنیادی حقوق اور مذہبی آزادی کی خلاف ورزی کر رہا ہے۔
وزارت دفاع

ای پیپر-دی نیشن