پشاور: چھت گرنے سے باپ بیٹا جاں بحق، 2 زخمی
پشاور (بیورو رپورٹ) پشاور صدر کے علاقہ لال کرتی میں بارش کے باعث کچے مکان کی چھت گرنے سے باپ اور بیٹا جاں بحق جبکہ والدہ اور ایک بیٹا شدید زخمی ہوگئے جنہیں طبی امداد کیلئے کمبائنڈ ملٹری ہسپتال (سی ایم ایچ) منتقل کردیا گیا ہے۔ ریسکیو 1122 کے ترجمان بلال احمد فیضی کے مطابق گزشتہ روز لال کرتی میں عبدالجمیل کے مکان کی چھت گرنے کی اطلاع پر ریسکیو ٹیم نے آپریشن کا آغاز کرتے ہوئے ملبہ ہٹانے کا کام شروع کیا، ملبے تلے دبے 2 افراد کی نعشیں جبکہ ایک خاتون اور بچے کو زخمی حالت میں نکال کر کمبائنڈ ملٹری ہسپتال منتقل کردیا۔ترجمان کے مطابق جاں بحق ہونے والوں میں عبد الجمیل اور اس کا 8 سالہ بیٹا عمر جبکہ زخمیوں میں زوجہ عبدالجمیل اور اس کا بیٹا 11 سالہ نعمان شامل ہیں۔