ریٹائرڈ لائبریرین کو پنشن ادا نہ کرنے کیخلاف درخواست پر سیکرٹری سکولز کو نوٹس
لاہور(وقائع نگار خصوصی) لاہور ہائیکورٹ نے گریڈ سترہ کے ریٹائرڈ لائبریرین کو پنشن اور بقایاجات ادا نہ کرنے کے خلاف دائر درخواست پر سیکرٹری سکول سمیت دیگر کو نوٹسز جاری کرتے ہوئے 20فروری کو جواب طلب کر لیا۔ لاہورہائیکورٹ کے جسٹس محمد فرخ عرفان خان نے سلیم رضا کی درخواست پر سماعت کی. درخواست گزار کی جانب سے موقف اختیار کیا گیا کہ 33 سال تک چلڈرن لائبریری کمپلکس میں فرائض سرانجام دیتا رہا ہوں حکومتی پالیسی کے مطابق مستقل نہیں کیاگیا اکتیس دسمبر کو اسے ریٹائرمنٹ کے نوٹیفکیشن کے بغیر عہدے سے سبکدوش کردیا گیا جو کہ غیر قانونی ہے.درخواست گزار کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ ریٹائرمنٹ کا نوٹفکیشن جاری نہ ہونے کی وجہ سے اسے پنشن اور بقایاجات جات ادا نہیں کیئے جارہے. درخواستگزار کی جانب سے عدالت عالیہ سے استدعا کی گئی کہ عدالت پنجاب حکومت کو پنشن اور بقایاجات جات کی ادائیگی کا حکم دے.عدالت نے سیکرٹری سکول، سیکرٹری فنانس اور دیگر فریقین کو نوٹس جاری کرتے ہوئے جواب طلب کر لیا۔