• news

ایران: جوہری وار ہیڈ لے جانے والے نئے بیلسٹک میزائل کی نمائش‘ عرب ممالک کو تشویش

تہرا ن (آن لائن)حال ہی میں ایران نے ایک نیا بیلسٹک میزائل تیار کیا جو جوہری وار ہیڈ لے جانے کی صلاحیت رکھتا ہے۔ قدر 7 نامی میزائل کی نمائش شاہراہ آزادی اور شاہراہ شمران پر کی گئی۔ ایران کی طرف سے یہ میزائل ایک ایسے وقت میں سامنے لایا گیا ہے جب دوسری طرف امریکہ، یورپ اور عالمی سطح پر ایران کیساتھ طے پائے جوہری سمجھوتے پر نظرثانی کے مطالبات میں شدت آگئی ہے۔ مغربی ممالک اور خطے کے عرب ملکوں کو بھی تہران کے اسلحہ کے حصول کے جنون اور بیلسٹک میزائلوں پر گہری تشویش ہے۔ عالمی برادری بیلسٹک میزائلوں کی تیاری کو سلامتی کونسل کی قرارداد 2231 کی کھلی خلاف ورزی قرار دیتی ہے۔العربیہ ڈاٹ نیٹ کے مطابق ایرانی پاسداران نے حال ہی میں ایک نیا بیلسٹک میزائل متعارف کرایا۔ یہ میزائل ’قدر F‘ کے نام سے جانا جاتا ہے جو 2000 کلو میٹر تک مار کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔ایرانی حکومت نے اس میزائل کی نمائش ولایت فقیہ کے انقلاب کی39 ویں سالگرہ پر کی اور یہ پیغام دیا کہ عالمی دباؤ کے باوجود ایران بین الاقوامی قوانین کو کھلے عام پامال کررہا ہے۔ایرانی عہدیداروں اور پاسداران انقلاب کی قیادت نے کہا کہ نیا بیلسٹک میزائل امریکی، یورپی مطالبات اور اقوام متحدہ کی قراردادوں کے خلاف چیلنج ہے۔ایران نے ایک اور بیلسٹک میزائل’فجر 5‘ کی بھی نمائش کی۔ یہ میزائل درمیانے درجے تک مار کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ یہ میزائل ایک ایسے وقت میں سامنے لائے گئے ہیں جب خطے میں ایران کی بڑھتی سرگرمیوں اور اثرو نفوذ کوگہری تشویش کی نظر سے دیکھا جا رہا ہے۔بعض تجزیہ نگاروں کا کہنا ہے کہ ایران میں طویل فاصلے تک مار کرنے والے نئے میزائلوں کی نمائش ملک کے اندر ہونے والے احتجاج کے دوسرے مرحلے کو ناکام بنانے اور عوام پر اپنی گرفت مضبوط کرنیکا اشارہ ہے۔

ای پیپر-دی نیشن