نئی دہلی بین الاقوامی اصولوں کے منافی جائیگا تو بیجنگ کو سامنے کھڑا پائے گا: چین
بیجنگ(آئی این پی)مالدیپ میں بھارتی افواج کے عمل دخل پر چین مخالفت کرے گا، اندرونی معاملات میں مداخلت بین الاقوامی اصولوں کے منافی ہے، مالدیپ کی خراب صورتحال کو بین الاقوامی میکنیزم کے تحت حل کیا جانا چاہئے، اقوام متحدہ کے اختیار کے بغیر کسی بھی مسلح فورس کی مداخلت مناسب راستہ نہیں ، نئی دہلی اصولوں کے منافی جائیگا تو بیجنگ کو سامنے کھڑا پائے گا، چین بھارت کے اثرو رسوخ کے خلاف نہیں تاہم بھارتی عزائم سے بھی ناواقف نہیں۔ چین کے معروف ریاستی اخبار گلوبل ٹائمز نے مالدیپ کی حالیہ صورتحال بارے کہا ہے کہ مالے میں اگر بھارتی افواج دخل اندازی کرتی ہے تو چین اس کی بھر پور مخالفت کرے گا۔ مسائل بات چیت اور بین الاقوامی اصولوں پر کاربند رہتے ہوئے حل کیا جانا چاہئے۔ کہا گیا ہے کہ بھارت مالدیپ میں فوجی مداخلت پر غور کر رہا ہے ۔تاہم یہ بین الاقوامی تعلقات اور اصولوں کے منافی عمل ہے۔ ایسے اقدامات دیگر ممالک کی خودمختاری، علاقائی سلامتی اور اندرونی معاملات میں مداخلت تصور کئے جاتے ہیں۔ چین بھارت کے اثرو رسوخ کے خلاف نہیں لیکن بھارت کو کھلی اجازت بھی نہیں دے سکتا۔ مالدیپ کی صورتحال کو بین الاقوامی میکنیزم کے تحت حل کیا جانا چاہئے۔ یک طرفہ فوجی کارروائی نے موجودہ عالمی آرڈر کو پہلے ہی خطرے سے دوچار کر چکا ہے۔ واضح رہے کہ اسالدیپ میں حکومت مخالف ایک گروہ نے فسادات شروع کر دئے ہیں اور حکومت کو گرانے کی کوشش کی جا رہی ہے ۔ نئی دہلی نے مالدیپ کے صدر کو کال کی ہے کہ حالات کو سنبھالنے کے لئے بھارتی فوج آپ کی مدد کو تیار ہے۔ بھارت مالدیپ کی حکومت کو بچانا چاہتا ہے۔ لیکن بھارت کے عزائم دوسرے ہیں تاکہ مدد کے نام پر نئی دہلی کے اثر و رسوخ کو بڑھایا جا سکے۔ لیکن چین اس کی ہر مرحلہ پر مخالفت کرے گا۔ چین کامئوقف ہے کہ اقوام متحدہ کے اختیار کے بغیر کسی بھی مسلح فورس کی مداخلت مناسب راستہ نہیں۔ نئی دہلی اصولوں کے منافی جائیگا تو بیجنگ کو سامنے کھڑا پائے گا۔