• news

ضیا آفریدی نے بلین ٹری منصوبے نادیہ شیر نے رانا ثناء اللہ کیخلاف قرارداد خیبر پی کے اسمبلی میں جمع کرادی

پشاور(بیورورپورٹ)رکن خیبرپی کے اسمبلی ضیاء اللہ آفریدی نے بلین ٹری سونامی منصوبے میں مبینہ گھپلوں کیخلاف اسمبلی میں قرار داد جمع کرادی ہے۔بدھ کے روز اسمبلی سیکرٹریٹ میں جمع کئے گئے قرار داد میں کہا گیا ہے کہ ’’پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے صوبہ میں ایک ارب پودے لگانے کیلئے بلین ٹری سونامی پروگرام کا اعلان کیا تھا جس کو عملی جامہ پہنانے کیلئے صوبائی حکومت نے اربوں روپے کی لاگت سے 4 سالہ پروگرام کا اجراء کیا جس کے تحت صوبہ کے مختلف علاقوں میں پودے لگانے کا سلسلہ شروع کیا گیا اور تقریباً چار سال بعد عمران خان اور صوبائی حکوت نے صوبہ میں ایک ارب کے بجائے ایک ارب 18 کروڑ پودے لگانے کا ہدف حاصل کرنے کا دعویٰ کیا اور اسکے بعد عمران خان نے تحریک انصاف حکومت کی اس عظیم کامیابی پر بلین ٹری سونامی پروگرام کو جاری رکھتے ہوئے صوبہ میں 2 ارب پودے لگانے کا بھی اعلان کیا‘‘۔قرار داد میں مزید کہا گیا ہے کہ خیبرپی کے کے عوام کی یہ خوشی اس وقت حیرت اور انتہائی مایوسی میں تبدیل ہوئی جب سرکاری ریکارڈ میں عمران خان اور صوبائی حکومت کے دعوؤں کے برعکس ایک ارب 18 کروڑ کی بجائے محض 24 کروڑ پودے لگائے جانے کا انکشاف ہوا جس سے نہ صرف خیبرپی کے بلکہ ملک بھر کے عوام بھی چکرا کر رہے گئے۔ قرار داد میں مطالبہ کیا گیا ہے کہ بلین ٹری سونامی پروگرام میں کرپشن، بدعنوانی، اعداد و شمار میں ہیر پھیر، ٹینڈر کے بغیر پودوں کی خریداری اور سوا 6 ارب روپے کی نقد ادائیگی کا معاملہ قومی احتساب کمیشن کو بھجوایا جائے تاکہ اس میگا سکینڈل میں ملوث افراد کو قرار واقعی سزا دی جائے۔اسمبلی میں پنجاب کے وزیرقانون رانا ثنااللہ کے خلاف قرار داد جمع کردی گئی ہے جس میں مردان کی 4 سالہ اسماء کی فرانزک رپورٹ کو عام کرنے پر رانا ثنا اللہ کیخلاف کاروائی کا مطالبہ کیا گیا ۔بدھ کے روز خیبرپی کے اسمبلی سیکرٹریٹ میں قرارداد تحریک انصاف کی پارلیمانی سیکرٹری نادیہ شیرنے جمع کرائی۔ قرارداد میں کہا گیا ہے کہ رانا ثنااللہ نے اسماء کی رپورٹ کو خیبرپی کے کے حوالے کرنے سے قبل عام کیا،قرار داد میں وزیراعلیٰ پنجاب سے رانا ثنااللہ کیخلاف سخت ایکشن لینے سمیت رانا ثنا اللہ سے معافی مانگنے کا مطالبہ بھی کیا گیا ۔

ای پیپر-دی نیشن