• news

ٹور آپریٹر حج‘ عمرہ کوٹہ کیلئے رشوت آفر کرتے ہیں‘ خورشید شاہ: پی پی دور میں ہوتا ہو گا‘ سردار یوسف

اسلام آباد ( نوائے وقت نیوز)قومی اسمبلی میں بچوں کے تحفظ اور فوجداری نظام انصاف، قومی یونیورسٹی برائے ٹیکنالوجی کے قیام کے بارے میں تینوں بلز کی اتفاق رائے سے منظوری دے دی گئی۔ بدھ کو سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق کی سربراہی میں ہونے والے اجلاس میں وزیر برائے انسانی حقوق ممتاز تارڑ نے علاقہ دارالحکومت اسلام آباد میں اطفال کے تحفظ و نگہداشت کا انتظام کرنے کا بل پیش کیا۔ ’’دارالحکومت اسلام آباد تحفظ اطفال بل 2017 ئ‘‘ سے موسوم کیا گیا ہے۔ بل کو متفقہ طور پر منظور کر لیا گیا۔ وزیر انسانی حقوق نے نظام برائے کم سن افراد بل 2017ء بھی منظوری کے لیے پیش کیا اس بل کو بھی اتفاق رائے سے منظور کر لیا گیا۔ وزیر برائے سائنس و ٹیکنالوجی دفاعی پیداوار رانا تنویر حسین نے اسلام آباد میں قومی یونیورسٹی برائے ٹیکنالوجی کے قیام کا بل پیش کیا بل کو متفقہ طور پر منظور کر لیا گیا ۔ اجلاس میں وزارت پیٹرولیم کی جانب سے پیٹرولیم مصنوعات پر ٹیکسز کی تفصیلات بھی پیش کی گئیں۔جس میں وزارت پیٹرولیم نے پیٹرولیم مصنوعات پر ٹیکسز کی شرح کے حوالے سے رپورٹ پیش کی۔وزارت پیٹرولیم کی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ ڈیزل کی ایکس ریفائنری قیمت 55 روپے 9 پیسے ہے جبکہ اِس وقت صارفین کے لیے ڈیزل کی قیمت 95 روپے 83 پیسے مقرر ہے۔ اس طرح فی لیٹر ڈیزل پر حکومت صارفین سے 40 روپے 74 پیسے ٹیکسز وصول کررہی ہے یعنی ڈیزل کے ہر لیٹر پر عوام سے 74 فیصد ٹیکس وصول کیا جارہا ہے۔رپورٹ میں مزید بتایا گیا کہ پیٹرول کی ایکس ریفائنری قیمت 50 روپے 27 پیسے فی لیٹر ہے جبکہ صارفین کے لیے پیٹرول کی موجودہ قیمت 84 روپے 51 پیسے ہے۔ اس طرح ایک لیٹر پیٹرول پر حکومتی ٹیکسزکی شرح 34 روپے 24 پیسے ہے۔ یعنی پیٹرول کی مد میں بھی حکومت اس کی اصل قیمت پر 68 فیصد ٹیکس وصول کررہی ہے۔ وزیر مملکت چوہدری جعفر اقبال نے کہا ہے کہ لودھراں کے الیکشن میں مسلم لیگ (ن) کی بھاری اکثریت سے کامیابی نے اپوزیشن کے بے بنیاد بیانیہ کو مسترد کر دیا ہے۔ قومی اسمبلی کو وزارت کیڈ کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ اسلام آباد کے سیکٹر جی۔6، جی۔7 اور ایف۔ 6 میں سرکاری رہائش گاہوں کی مرمت کے حوالے سے پیش رفت جاری ہے، ان سیکٹروں میں اپارٹمنٹس کی تعمیر کی تجویز بھی زیر غور ہے۔اپوزیشن لیڈر خورشیدشاہ نے ملک میں حج کے انتظامات پر سوالیہ نشان لگا دیا اور کہا کہ ٹور آپریٹرز عمرے اور حج کوٹے کے لئے رشوت کی آفر کرتے ہیں۔ قومی اسمبلی سے خطاب میں اپوزیشن لیڈر نے کہا کہ جب وہ وزیر مذہبی امور تھے تو صرف ایک ٹورآپریٹر نے انہیں 1کروڑ روپے کی آفر کی تھی۔ ارکان پارلیمنٹ نے خورشیدشاہ کے الزامات پر تحفظات کا اظہار کیا اور کہا کہ انہوں نے اپنے دور حکومت میں اس کی نشاندہی کیوں نہیں کی؟ وفاقی وزیر مذہبی امور سردار یوسف نے کہا ہے کہ مجھے رشوت دینے کی کسی کو ہمت نہیں ہوگی۔ خورشیدشاہ نے اس وقت کی بات کی ہوگی جب پی پی کی حکومت تھی۔ انہوں نے مزید کہا کہ کوشش کر رہے ہیں کہ عازمین حج کو بھرپور سہولتیں فراہم کریں۔ اگر کسی کو شکایت ہے تو وہ وزارت سے رابطہ کرے۔ متحدہ قومی موومنٹ پاکستان نے پیپلزپارٹی پر سینٹ الیکشن میں ہارس ٹریڈنگ الزام عائد کردیا۔ ایم کیو ایم کے شیخ صلاح الدین نے کہا کہ انہیں اطلاعات ملی تھیں کہ سابق صدر آصف زرداری نے ان کی جماعت کے ایم پی ایز کو خریدنے کیلئے نوٹوں کے بورے کھول دیئے ہیں۔ پیپلزپارٹی کے سینیٹرتاج حیدر نے کہا کہ اتنے پیسے نہیں کہ ان کے لوگ خریدیں کیونکہ ریٹ بہت بڑھ گیا ہے۔ متحدہ قومی موومنٹ کے محبوب عالم نے کہا کہ ایم کیو ایم کو توڑنے کے کسی ایجنڈے پر کام ہو رہا ہے۔جماعت اسلامی پاکستان کی رکن قومی اسمبلی عائشہ سید نے کہا ہے کہ پنجاب میں عورتوں کا بون میرو نکالنے والے گروہ کو بے نقاب کیا جائے اور لواری ٹاپ میں پی ٹی سی ایل کے دو ملازمین کی برفانی تودے گرنے کے خطرے کے باوجود جانے کا حکم دینے پر پی ٹی سی ایل کے ڈائریکٹر کے خلاف کارروائی اور جاں بحق ہونے والے باپ بیٹے ورثاء کو حکومت مستقل امداد جاری کرے۔پاکستان تحریک انصاف کے رہنما شہریارخان آفریدی نے ملتان میں پولیس مشق کے دوران پختون لباس میں موجود شخص کو دہشت گرد دکھانے پر قومی اسمبلی میں شدید احتجاج کیا اور ڈپٹی سپیکر سے مطالبہ کیا کہ ایوان میں ایک قرارداد پاس کی جائے جس میں کسی قوم کی ثقافت کو دہشت گردی سے جوڑنے سے منع کیا جائے دہشت گرد کسی قوم، مذہب کا نہیں ہوتا اس طرح کے واقعات سے ملک دشمن عناصر کو تقویت ملتی ہے۔ غیر ملکی فلم انڈسٹری کے ساتھ پاکستانی فلم انڈسٹری اور میڈیا بھی پختونوں کو دہشت گرد کے طور پر پیش کر رہی ہے۔ بھارت پہلے ہی افغانستان میں بیٹھ کر یہ بیانیہ دے رہا ہے کہ پختونوں پر مظالم کے ذمہ دار پنجابی ہیں۔ ایوان میں اس حوالے سے قرارداد پاس کی جائے کہ تخریب کار کا کوئی مذہب اور قوم نہیں ہے۔عبدالرشید گوڈیل نے مطالبہ کیا ہے کہ نچلی سطح پر عوام کی مشکلات کے ازالے کے لئے نیشنل فنانس ایوارڈ کی طرح صوبائی فنانس کمیشن ایوارڈ جاری کیا جائے۔ نکتہ اعتراض پر جمشید احمد دستی نے کہا کہ دو ماہ قبل میں نے سرائیکی صوبہ کے حوالے سے بل جمع کرایا تھا، قومی اسمبلی سیکرٹری نے طرح طرح کے اعتراضات لگائے۔ بل اسمبلی میں پیش ہونا چاہیے، پسند اور ناپسند کی بات نہیں ہونی چاہیے۔ ڈپٹی سپیکر مرتضیٰ جاوید عباسی نے کہا کہ ایوان کے تمام ارکان ہمارے لئے یکساں حیثیت رکھتے ہیں، پسند اور ناپسند کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا۔ جماعت اسلامی کے پارلیمانی لیڈر صاحبزادہ طارق اللہ نے مطالبہ کیا کہ سینٹ الیکشن کے موقع پر ووٹوں کی مبینہ خرید و فروخت کے سدباب کے لئے قانون سازی کی جائے۔قومی اسمبلی کو وزارت کیڈ کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ اسلام آباد کے سیکٹر جی۔6، جی۔7 اور ایف۔ 6 میں سرکاری رہائش گاہوں کی مرمت کے حوالے سے پیش رفت جاری ہے، ان سیکٹروں میں اپارٹمنٹس کی تعمیر کی تجویز بھی زیر غور ہے۔قومی اسمبلی میںڈپٹی سپیکرمرتضی جاویدعباسی اورتحریک انصاف کے رکن محمد عامر ڈوگر کے درمیان شدید جھڑپ ہوئی ۔نکتہ اعتراض کے دوران نادرا کے حوالے سے اعتراض پر جب ڈپٹی سپیکرمرتضی جاویدعباسی کے بار بار متوجہ کرنے کے باوجود وزیر سیفران جنرل (ر) عبد القادر بلوچ متوجہ نہ ہوئے تو تحریک انصاف کے ممبر قومی اسمبلی محمد عامر ڈوگر نے اعتراض کیا کہ جو آدمی ایوان میں ہو کر کارروائی میں شامل نہیں اور اپنی گپ شپ میں مصروف ہے اس کو بولنے نہ دیا جائے جس پر ڈپٹی سپیکر مرتضی جاویدعباسی نے کہا کہ آپ آکر میری سیٹ پر بیٹھ جائیں۔ انہوں نے کہا کہ میں یہ مسئلہ متعلقہ وزیر کو بتادوں گا مگر اس وقت تک ایوان میں محمد عامر ڈوگر نے ڈپٹی سپیکر کی طرف سے سیٹ پر بیٹھنے کے حوالے سے جملے پر مزید اعتراض کیا اور شدید جملوں کے تبادلہ کے بعد وہ ایوان سے چلے گئے۔وزیر مملکت عابدشیرعلی نے کہا کہ صوبہ سندھ میں لوڈشیڈنگ اور بجلی کے بقایا جات سمیت دیگر امور پر اراکین پارلیمنٹ کو بریفنگ کے لئے 5مارچ کو وزیراعلیٰ ہائوس سندھ میںاجلاس منعقد کیا جائے گا۔ پاک ترک انٹرنیشنل سکول کی طالبات کے گروپ نے قومی اسمبلی کے اجلاس کی کارروائی دیکھی۔کوئٹہ میں دہشت گردی کا نشانہ بننے والے چار سکیورٹی اہلکاروں کے لئے قومی اسمبلی میں دعائے مغفرت کی گئی۔ پارلیمانی سیکرٹری دفاع منصب علی خان ڈوگر نے قومی اسمبلی کو بتایا ہے کہ بھارت کی جانب سے یکم جنوری 2017ء سے اب تک سیز فائر کی ایک ہزار 394 خلاف ورزیاں ہوئی ہیں، 2013ء سے اب تک بھارتی فائرنگ سے 66 عام شہری شہید ہوئے۔قومی اسمبلی کو بتایا گیا ہے کہ ملک بھر میں زیر تعمیر موٹرویز اپنے وقت پر مکمل ہوںگی، ان کے لئے فنڈز کی کوئی کمی نہیں، 2013ء سے اب تک ملک بھر میں زیادتی کے17862کیس ہوئے جن میں پولیس کے پاس 13 ہزار 267 کیس رجسٹرڈ ہوئے، جن میں 25 مقدمات میں سزائے موت دی گئی، 11 کو عمر قید، دو کو 50 سال قید، ایک کو 39 سال قید، ایک کو 35 سال قید، ایک کو 33 سال سزا ہوئی، کل 112 مجرموں کو سزا ہوئی، غیر قانونی کام کرنے اور اختیارات سے تجاوز کرنے کے الزام میںمتروکہ وقف املاک بورڈ کے افسران اور اہلکاروں کے خلاف چھ کیسز رجسٹرڈ ہوئے ہیں، بجلی چوری سے نقصانات 40 فیصد سے زائد ہیں، صوبائی حکومتیں بجلی چوری کی روک تھام میں وزارت کی طرف سے اٹھائے گئے اقدامات پر تعاون نہیں کر رہیں، لوڈ مینجمنٹ کے لئے اقدامات 31 مارچ تک مکمل کرلئے جائیں گے۔ بدھ کو قومی اسمبلی میں وقفہ سوالات کے دوران ثریا جتوئی کے سوال کے جواب میں وزیر مملکت برائے مواصلات جنید انور چوہدری نے بتایا کہ جو موٹرویز بن رہی ہیں وہ اپنے وقت پر مکمل ہوں گی۔سپیکر نے قومی اسمبلی کا اجلاس جمعرات کی صبح ساڑھے 10بجے تک ملتوی کر دیا۔

ای پیپر-دی نیشن