نوازشریف نے لودھراں میں پیسہ چلایا‘ وزیراعظم بنا تو ٹرمپ کیساتھ کام کرونگا: عمران
اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ+ اے ایف پی) تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان نے کہا ہے کہ وہ وزیراعظم منتخب ہونے پر امریکی صدر ٹرمپ کے ساتھ افغانستان میں امن کیلئے مل کر کام کرنے کیلئے تیار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ افغان جنگ کا حل صرف مذاکرات ہیں۔ اے ایف پی کو انٹرویو میں انہوں نے کہا کہ 2018ء کے الیکشن میں پوری تیاری سے اتریں گے۔ لودھراں میں ہمارا امیدوار نیا تھا، لوگوں کو مطمئن نہیں کر سکا۔ آئندہ انتخابات میں ماضی کی غلطیاں نہیں دہرائیں گے۔ آئندہ انتخابات بھرپور طریقے سے لڑنے کیلئے تیار ہیں۔ علاوہ ازیں نجی ٹی وی کو انٹرویو میں عمران خان نے کہا ہے کہ لودھراں کے ضمنی انتخابات میں نواز شریف نے پیسہ چلایا، ہمارے لوگ مسلم لیگ (ن) میں شامل ہو گئے جس کی وجہ سے ہم انتخابات ہار گئے۔ مسلم لیگ (ن) کا 2018ء میں صفایا ہو جائیگا۔ نواز شریف سارے وقت میں سارے لوگوں کو بے وقوف بنانے کی کوشش کر رہے ہیں سارے وقت میں کم لوگ بے وقوف بن سکتے ہیں سارے نہیں۔ نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ لودھراں کے ضمنی انتخابات میں علی ترین سے زیادہ بہتر چوائس کوئی نہ تھی۔ مجبوری میں علی ترین کو ٹکٹ دیا۔ عمران خان نے کہا کہ نواز شریف لوگوں کو دھوکا دے رہے ہیں۔ سپریم کورٹ کہہ چکی ہے ادارے مفلوج ہو چکے ہیں، حکمرانوں نے اداروں میں اپنے لوگ بٹھا رکھے ہیں۔ عمران خان نے کہا کہ کرپشن پاکستان کا سب سے بڑا مسئلہ ہے جس ملک میں کرپشن ہو وہ ترقی نہیں کر سکتا۔ ملک کرپشن کی وجہ سے غریب ہوتے ہیں۔ عمران خان نے کہا کہ 30 سال سے نوازشریف اور آصف زرداری لوگوں کو لوٹ کر کھا رہے ہیں، شہباز شریف ڈرامے کر رہے ہیں کہ تھوڑے سے لوگ ملک کو لوٹ کر کھا رہے ہیں۔ شہباز شریف ٹھیک کہہ رہے ہیں یہ تھوڑے لوگ نواز شریف اور آصف زرداری ہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ریحام خان کو کسی نے دھمکیاں نہیں دیں، الیکشن سے پہلے ریحام خان کی کتاب کا آنا سازش ہے کتاب مسلم لیگ (ن) کی سپانسر ہو گی، مسلم لیگ (ن) ہمیشہ الیکشن سے قبل ایسی حرکتیں کرتی ہے۔ جنرل الیکشن میں شریف خاندان کی کرپشن موضوع ہوگی نواز شریف عوام کو دھوکا دے رہے ہیں ، ملک میں جمہوریت نہیں مافیا کا ہولڈ ہے۔