3 ملکی ہاکی ٹورنامنٹ : پاکستان نے افتتاحی میچ میں عمان کو شکست دیدی
لاہور(لاہور ( سپورٹس رپورٹر+نمائندہ سپورٹس )) عمان میں شروع ہونے والے تین ملکی ہاکی ٹورنامنٹ کے افتتاحی میچ میں پاکستان ٹیم نے میزبان عمان کو تین صفر سے شکست دیدی۔ تفصیلات کے مطابق سلطان قبوس سپورٹس کمپلیکس مسقط میں کھیلے جانے والے تین ملکی ٹورنامنٹ کے پہلے میچ میں پاکستان نے عمان کو تین صفر سے مات دی۔ ہاف ٹائم تک پاکستان کو دو صفر سے برتری حاصل تھی۔ میچ کے تینوں گول فیلڈ پلے کے ذریعے ہوئے۔ پاکستان کی طرف سے پہلا گول علی شان نے میچ کے 13 ویں منٹ میں کیا۔ 21 ویں منٹ میں اعجاز احمد نے گول کر کے مقابلہ دو صفر کر دیا۔ دوسرے ہاف اور میچ کے 45 ویں منٹ میں شفقت رسول نے بال کو جال کی راہ دکھا کر پاکستان ٹیم کی برتری کو تین صفر کر دیا۔ عمان ہاکی ٹیم جس کی کوچنگ کے فرائض پاکستانی اولمپئن طاہر زمان انجام دے رہے ہیں۔ تین ملکی ٹورنامنٹ میں پاکستان ٹیم آج جاپان کے خلاف میدان میں اترے گی۔