مسلسل شکست پر مایوس ہوں، لودھراں الیکشن کے بعد عمران کو سوچنا ہوگا: شیخ رشید
اسلام آباد (آن لائن) عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ مسلسل شکست پر مایوس ہوں،لودھراں ضمنی الیکشن کے نتیجے کے بعد عمران خان کو سوچنا ہوگا، مسلم لیگ ن کے ووٹ بینک کو تسلیم کرتا ہوں، چوہدری نثار نے ٹرین مس کردی ہے اگر اپنے ساتھ دس بیس لوگوں کو لیکر گئے تو بات بنے گی۔ نجی ٹی وی کو انٹرویو میں شیخ رشید احمد نے کہا کہ وزیراعظم شاہد خاقان عباسی اسٹیبلشمنٹ کے آدمی ہیں۔ آئندہ الیکشن میں عمران خان کس کو ٹکٹ دیتا ہے اور کیسے امیدوار لائیں گے جو بہت اہم ہوگا۔ نواز شریف کے کیس کا فیصلہ دیکھنا ہوگا آئندہ الیکشن میں نواز شریف کیس بھی بہت اثر انداز ہوگا۔ شہباز شریف بہت سمجھ دار سیاسی آدمی ہیں چوہدری نثار کیلئے نواز شریف کو کبھی نہیں چھوڑینگے۔ چوہدری نثار نے اگر نیوز لیکس اوپن کردی تو مطلب ہے مسلم لیگ (ن) چھوڑ دی۔ انہوں نے کہا کہ سینیٹ کے الیکشن کیلئے آصف علی زرداری کی سیاست اچھی چل رہی ہے ہوسکتا ہے سینیٹ میں اکثریت حاصل کرلیں۔ ایم کیو ایم کے آپس میں جھگڑے کے باعث آصف علی زرداری دو مزید سیٹیں حاصل کرلیں گے۔ مگر جنرل الیکشن میں پنجاب سے پیپلزپارٹی کا صفایا ہوجائے گا۔