کاکول پاسنگ آئوٹ پریڈ، برطانوی جنرل نکولس کی شرکت، اسلام آباد ہائیکورٹ نے فیصلہ محفوظ کرلیا
اسلام آباد (وقائع نگار) اسلام آباد ہائی کورٹ نے پی ایم اے کاکول میں آئندہ پاسنگ آٓوٹ پریڈ میں برطانوی جنرل نکولس کی بطور مہمان خصوصی شرکت سے متعلق انٹرا کورٹ اپیل کے قابل سماعت ہونے کے حوالے سے فیصلہ محفوظ کر لیا ہے۔ دوران سماعت درخواست گزار انعام الرحیم ایڈووکیٹ نے عدالت کو بتایا کہ جنرل نکولس افغانستان میں نیٹو کے کمانڈر رہ چکے ہیں اور سلالہ چیک پوسٹ حملے میں نیٹو کے فوجی ملوث تھے، جنرل نکولس برطانوی انٹیلی جنس کے انچارج بھی ہیں جو کہ برطانیہ میں فری بلوچستان تحریک کی سرپرستی کر رہی ہے اور اسی ایجنسی نے الطاف حسین کو برطانیہ میں پناہ دے رکھی ہے۔ پی ایم اے کاکول پاسنگ آوٹ پریڈ میں ان کی بطور مہمان خصوصی شرکت پاکستان کے مفادات کے برعکس اور خلاف روایت ہے۔ گزشتہ روز عدالت عالیہ کے جسٹس اطہر من اللہ اور جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب پر مشتمل ڈویڑن بنچ نے مذکورہ اپیل کی سماعت کی تو کرنل (ر) انعام الرحیم ایڈووکیٹ نے موقف اختیار کیا کہ پاکستان آرمی نے برطانوی جنرل کو پی ایم اے کاکول پاسنگ آوٹ پریڈ میں بطور مہمان مدعو کیا ہے۔ نوجوانوں کو مجبور کیا جاتا ہے کہ وہ برٹش جنرل کو سلیوٹ کریں۔ انہوں نے عدالت سے استدعا کی کہ ذمہ داران کے خلاف آفیشل سیکرٹ ایکٹ کے تحت کاروائی کی جائے۔ اس پر جسٹس اطہر من اللہ نے کہا کہ ہمارے کیڈٹس سینڈ ہرٹ (برطانیہ) میں بھی ٹریننگ کے لئے بھی تو جاتے ہیں۔ درخواست گزار کرنل (ر) انعام الرحیم نے کہا کہ ہماری اکیڈمی میں بھی دیگر ممالک سے کیڈٹ آتے ہیں، پاسنگ آئوٹ پریڈ پر دیگر ممالک کے ملٹری اتاشی کو بھی پریڈ دیکھنے کی دعوت دی جاتی ہے لیکن بطور چیف گیسٹ صدر، وزیر اعظم اور وزیر دفاع کا استحقاق ہے کیونکہ قائداعظم سے لے کر آج تک کسی بھی غیر ملکی کو بطور چیف گیسٹ نہیں بلایا گیا۔ اس کی بنیادی وجہ یہ ہے کہ چیف گیسٹ نے پانچ کام کرنے ہوتے ہیں، اس پریڈ کو صدارتی پریڈ کہا جاتا ہے اور اس موقع پر صدر مملکت کی طرف سے کیڈٹس کو کمیشن عطا کیا جاتا ہے، بہترین کیڈٹ کو اعزازی شمشیر دی جاتی ہے اور بہترین بٹالین کو پاکستان کا پرچم عطا کیا جاتا ہے اور یہ وہ پرچم ہے جو قائداعظم نے پی ایم اے کو دیا تھا۔ اس تقریب کا سب سے اہم ایونٹ کیڈٹس سے پاکستان کے آئین سے وفاداری کا حلف لیا جاتا ہے۔ برطانوی جنرل پاکستان کے آئین کے ماتحت ہی نہیں وہ کیسے حلف لے سکتا ہے۔ کیا آج تک کسی بھی ملک کی پاسنگ آوٹ پریڈ میں ہمارا کوئی آرمی چیف بطور چیف گیسٹ شریک ہوا؟ انہوں نے عدالت کو بتایا کہ پی ایم اے کاکول میں پاسنگ آ?ٹ پریڈ میں برطانوی جنرل کی بطور چیف گیسٹ دعوت دینے کے حوالے سے ایوان صدر اور دفتر خارجہ کو خطوط لکھے، ایوان صدر سے استفسار کیا کہ کیا اس تقریب میں صدر مملکت یا وزیر اعظم کو شرکت کی دعوت دی گئی جبکہ دفتر خارجہ کو لکھے گئے خط میں پوچھا کہ کیا برطانوی جنرل کو حکومت پاکستان کی منظوری سے دعوت دی گئی؟ لیکن دونوں خطوط کے جواب نہیں ملے۔ جنرل نکولس برطانوی انٹیلی جنس کے انچارج بھی ہیں جو کہ برطانیہ میں فری بلوچستان تحریک کی سرپرستی کر رہی ہے اور اسی ایجنسی نے الطاف حسین کو برطانیہ میں پناہ دے رکھی ہے۔