• news

انتخابات ایکٹ کے تحت کارروائی‘ اسلام آباد ہائیکورٹ نے الیکشن کمشن سے جواب طلب کرلیا

اسلام آباد (آن لائن ) اسلام آباد ہائی کورٹ نے الیکشن ایکٹ 2017ء کے تحت الیکشن کمشن کی جانب سے کارروائی کے معاملے پر الیکشن کمشن کو نوٹس جاری کرتے ہوئے جواب طلب کر لیا ہے۔بدھ کو اسلام آباد ہائی کورٹ کے جسٹس عامر فاروق کی عدالت میں کیس کی سماعت ہوئی۔ دوران سماعت چوہدری حامد ایڈوکیٹ نے عدالت میں مؤقف اپنایا الیکشن کمشن نے سیاسی جماعتوں کو سنے بغیر پارٹی رجسٹریشن منسوخ کی۔ الیکشن کمشن نے الیکشن ایکٹ کے تحت سیاسی جماعتوں کو ڈی نوٹیفائیڈکے عمل میں آئینی تقاضے پورے نہیںکیے۔ پاکستان ڈیموکریٹک فرنٹ کے وکیل حافظ سفیان ایڈووکیٹ نے مؤقف اپنایا کہ الیکشن کمشن کا 12 جنوری کا نوٹیفکیشن عدالت کالعدم قرار دے۔ الیکشن کمشن نے غیر آئینی طور پر سیاسی رجسٹرڈ پارٹیوں کی رجسٹریشن منسوخ کر دی ہے۔ موجودہ ترمیم کے مطابق ہر رجسٹرڈ پارٹی کے لئے لازمی ہے کہ دو لاکھ روپے اور دوہزار پارٹی اراکین کے شناختی کارڈ بمعہ حلف نامہ جمع کرائے۔ عدالت نے کیس کی مزید سماعت ایک ہفتے تک کے لئے ملتوی کر دی ہے۔

ای پیپر-دی نیشن