عبدالمجید نیازی سمیت 21 سیاسی جماعتوں کی رجسٹریشن الیکشن کمشن نے بحال کردی
لاہور+ پشاور ( این این آئی+ آن لائن) الیکشن کمشن نے مالی گوشوارے جمع کرانے پر تحریک انصاف کے رکن عبدالمجید خان نیازی کی پنجاب اسمبلی کی رکنیت جبکہ پارٹی فیس اور 2 ہزار کارکنوں کی تفصیلات جمع کرانے پر 21 سیاسی جماعتوں کی رجسٹریشن بحال کر دی۔ تفصیلات کے مطابق پنجاب اسمبلی کے رکن عبدالمجید خان نیازی کی رکنیت الیکشن کمشن میں مالی گوشوارے جمع نہ کرانے پر معطل کردی گئی تھی اب الیکشن کمشن نے عبدالمجید خان نیازی کی جانب سے سالانہ گوشواروں کی تفصیلات جمع کروانے پر پنجاب اسمبلی کی رکنیت بحال کر دی۔ الیکشن کمشن نے رکنیت بحالی کا نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا۔آن لائن کے مطابق الیکشن کمیشن آف پاکستان نے الیکشن ایکٹ 2017کے تحت پارٹی فیس اور 2ہزار کارکنوں کی تفصیلات جمع کرنے پر 21پارٹیوں کی رجسٹریشن بحال کردی ہیں اوراس حوالے سے الیکشن کمیشن نے چاروں صوبوں کے الیکشن کمشنرز کو آگاہ کردیاہے الیکشن کمیشن نے 300سے زائد سیاسی جماعتوں کو اس سے قبل نوٹسز بھی جاری کئے تھے کہ وہ الیکشن ایکٹ کے تحت پارٹی فیس اور 2ہزار کارکنوں کی تفصیلات جمع کرائیں تاہم بڑی سیاسی جماعتوں کے علاوہ دیگر سیاسی جماعتوں نے الیکشن ایکٹ 2017پر عمل درآمد نہیں کیا جس پر الیکشن کمیشن نے 3سو سے زائد سیاسی جماعتوں کی رجسٹریشن منسوخ کردی تھی اور ان کے آئندہ انتخابات اور سینٹ انتخابات میں حصہ لینے پرپابندی عائدکی تھی۔