آئندہ انتخابات میں پیپلزپارٹی مضبوط قوت بن کر ابھرے گی: یوسف گیلانی
کراچی (آن لائن) پیپلزپارٹی کے راہنما اور سابق وزیر اعظم یوسف رضا گیلانی نے کہا ہے کہ لودھراں ضمنی الیکشن میں ناکامی عمران خان کا پارلیمنٹ کو لعنت دینے کا ردعمل ہے ۔ بلاول بھٹو زرداری پارٹی کو دوبارہ منظم کر رہے ہیں آئندہ انتخابات میں پیپلزپارٹی ایک مضبوط قوت بن کر ابھرے گی۔ ان خیالات کا اظہار سابق وزیر اعظم یوسف رضا گیلانی نے ٹڈاپ کرپشن کیس میں پیشی کے بعد عدالت کے باہر میڈیا سے گفتگو میں کیا۔ انہوں نے کہا لودھراں ضمنی انتخابات میں پاکستان تحریک انصاف کی ناکامی پارلیمنٹ پر لعنت بھیجنے کا شاخسانہ ہے۔ عوام نے اپنے ووٹ کے ذریعے عمران خان کو جواب دے دیا ہے۔ بلاول بھٹو زرداری پیپلزپارٹی کو دوبارہ منظم کر رہے ہیں۔ انہوں نے پارٹی میں بہت اہم اصلاحات کی ہیں جس کی بنا پر پیپلزپارٹی آئندہ انتخابات میں ا یک مضبوط قوت کے طور پر عوام کے سامنے آئے گی۔ سابق وزیر اعظم نے کہاکہ ایم کیو ایم کے معاملات اپنے ہیں ہم کسی کے نقصان میں اپنا فائدہ نہیں دیکھتے ۔ اس سے قبل وفاقی اینٹی کرپشن کورٹ میں ٹڈاپ کرپشن کیس کی سماعت ہوئی جس میں سابق وزیر اعظم سمیت 26 افراد کے خلاف مقدمات درج ہیں۔ یوسف رضا گیلانی کے جونیئر وکیل نے عدالت کو بتایا کہ فاروق ایچ نائیک پشاور ہائی کورٹ میں مصروف ہیں وہ نہیں آ سکتے ۔ ملزمان پر فرد جرم عائد کرنے کا معاملہ مؤخر کیا جائے ۔ سماعت کے دوران یوسف رضا گیلانی نے بھی سماعت ملتوی کرانے کی درخواست جمع کرا دی۔ جس کے بعد عدالت نے سماعت 21 فروری تک ملتوی کر دی تاہم 6 سال گزر جانے کے باوجود ملزمان پر فرد جرم عائد نہ ہو سکی۔