• news

دن میں دو بار عدالتوں کے سامنے پیش ہونے والوں کا نام ای سی ایل میں ڈالنا مذاق ہے: مریم اورنگزیب

اسلام آباد(این این آئی)وزیر مملکت اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ مفروروں کا نام ای سی ایل میں ڈالا جاتا ہے جو دن میں دو دو بار عدالت میں پیش ہوں ان کا نام ای سی ایل میں ڈالنا مذاق ہے۔ میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے مریم اور نگزیب نے کہا کہ ای سی ایل میں نام ان لوگوں کا ڈالا جاتا ہے جو مفرور ہوتے ہیں جو عدالت میں دن میں دو دو بار اور ہفتے میں تین بار پیش ہوں انکا نام ای سی ایل میں ڈالنا مذاق ہے۔ وزیرمملکت نے کہا کہ کیس آخری مراحل میں ہے، عدالت کا فیصلہ متوقع ہے، نیب نے ای سی ایل کیلئے اس وقت خط لکھاجب فیصلہ متوقع ہے نیب کو کیسے پتہ کہ فیصلہ کیا آنے والا ہے۔ وزارت دیکھے گی کہ کیاخط ای سی ایل میں نام ڈالنے کے تقاضے پورے کر رہا ہے۔ مریم اورنگزیب نے کہا کہ عدالت جب بھی بلائے وہ پیش ہورہے ہیں، میڈیا خود دیکھ رہا ہے کہ ریفرنسز پر ضمنی ریفرنسز لائے جارہے ہیں، چھ ریفرنسز اور جے آئی ٹی رپورٹ میں تو کچھ نہیں ملا، جے آئی ٹی نے جو صندوق بھر کے جمع کرائے اس میں بھی کچھ نہیں ملا، اب تک ایک روپے کی چور ی بھی ثابت نہیں ہو سکی۔ انہوںنے کہاکہ عدالت میں پیش ہو رہے ہیں تو ای سی ایل میں نام کیوں ڈالیں۔ مریم اورنگزیب نے کہا کہ آئینی اور قانونی طریقے کے مطابق چلیں گے۔

ای پیپر-دی نیشن