• news

ایگزیکٹ جعلی ڈگری کیس شعیب شیخ کو بری کرنیوالا جج برطرف

اسلام آباد (نیٹ نیوز) ایگزیکٹ جعلی ڈگری کیس میں رشوت لیکر شعیب شیخ کو بری کرنے والے معطل ایڈیشنل سیشن جج پرویز القادر میمن کو نوکری سے فارغ کر دیا گیا۔ رجسٹرار اسلام آباد ہائی کورٹ راجہ جواد حسن عباس نے ایڈیشنل سیشن جج کی برطرفی کا نوٹیفکیشن جاری کردیا۔ ذرائع کے مطابق سابق ایڈیشنل سیشن جج نے 50لاکھ رشوت وصول کرنے کا اعتراف کیا تھا۔ چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ نے شوکاز نوٹس جاری کرکے جج کے خلاف انکوائری کا آغاز کیا تھا۔ دو رکنی کمیٹی جسٹس شوکت عزیز صدیقی اور جسٹس محسن اختر کیانی پر مشتمل تھی، جس کی سفارشات پر چیف جسٹس نے مذکورہ سیشن جج کو معطل کرکے الزامات کی انکوائری شروع کی۔ علاوہ ازیں سندھ ہائی کورٹ میں منی لانڈرنگ کیس میں چیئرمین ایگزیکٹ شعیب شیخ، دیگر ملزمان کی بریت کے خلاف اپیل کی سماعت ہوئی۔ کارروائی کے دوران شعیب شیخ کی غیر حاضری پر عدالت نے برہمی کا اظہارکرتے ہوئے آئندہ سماعت پر میڈیکل سرٹیفکیٹ کے ساتھ پیش ہونے کا حکم دے دیا، جبکہ سماعت 21 فروری تک ملتوی کردی گئی۔ ایف آئی اے کی ملزمان کی بریت کے خلاف اپیل کی سماعت جسٹس نعمت اللہ پھلپھوٹو کی سربراہی میں دو رکنی بنچ نے کی، عدالت نے چیئرمین ایگزیکٹ شعیب شیخ کی عدم پیشی پر برہمی کا اظہار کیا۔

ای پیپر-دی نیشن