• news

آرمی چیف سے سفیر سعید المالکی کی ملاقات: مزید فوجی سعودی عرب بھیجنے کا فیصلہ

اسلام آباد (سٹاف رپورٹر) چیف آف آرمی سٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ سے پاکستان میں سعودی عرب کے سفیر نواف سعید المالکی نے کو جی ایچ کیومیں ملاقات کی۔ آئی ایس پی آر کے مطابق اس ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور اور علاقائی سلامتی کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ یہ ملاقات ایسے موقع پر ہوئی ہے جب پاک فوج کے مزید دستے سعودی عرب بھجوائے جا رہے ہیں۔ ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل آصف غفور نے سماجی رابطہ کی ویب سائٹ پر اپنے دو سطری بیان میں بتایا ہے کہ پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان سلامتی کے شعبہ میں تعاون کے تحت پاک فوج کا دستہ سعودی عرب روانہ کیا جا رہا ہے،۔ انہوں نے بھجوائے جانے والے فوجیوں کی تعداد کے بارے میں نہیں بتایا البتہ یہ ضرور واضح کیا کہ مزید فوجیوں کی سعودی عرب روانگی کا مقصد مشاورتی اور تربیتی نوعیت کا ہے اور ان فوجیوں کو سعودی عرب سے باہر کہیں بھی تعینات نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ پاک فوج، خلیج تعاون کونسل کے کئی ملکوں کے ساتھ اس نوعیت کا سیکورٹی تعاون پہلے سے کر رہی ہے۔ علاوہ ازیں فاٹا کے عارضی طور پر بے گھر ہونے والے افراد کو سہولت کی فراہمی کے لئے آرمی چیف نے کمپیوٹرائزڈ قومی شناختی کارڈ کو زرتلافی کے حصول کے لئے موزوں دستاویز قرار دے دیا ہے۔ ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل آصف غفور کے مطابق قبل ازیں وطن کارڈز زرتلافی کی ادائیگی کے لئے بے گھر افراد کو جاری کئے گئے تھے، اب ان کی ضرورت نہیں رہی تاہم جن افراد کے پاس قومی شناختی کارڈز موجود نہیں ہیں وہ 31مئی 2018ء تک وطن کارڈز استعمال کرسکتے ہیں اور اس وقت کے اندر اپنا کمپیوٹرائزڈ شناختی کارڈ بنوالیں۔

ای پیپر-دی نیشن