• news

پاکستان سپر لیگ ٹکٹوں کی فروخت شروع تیسرے ایڈیشن میں شرکت کے لئے لاہور قلندر کی ٹیم دبئی پہنچ گئی

لاہور (سپورٹس رپورٹر+ نمائندہ سپورٹس) پاکستان سپر لیگ کے تیسرے ایڈیشن میں شرکت کے لئے لاہور قلندر کی ٹیم دبئی پہنچ گئی ہے۔ پاکستان سپر لیگ کے تیسرے ایڈیشن میں شرکت کے لئے لاہور قلندر کی ٹیم علامہ اقبال انٹرنیشنل ائرپورٹ سے غیرملکی ائرلائن کی پرواز ای کے 623 کے ذریعے روانہ ہوئی۔ شیڈول کے مطابق لاہور قلندر سپر لیگ کی پہلی ٹیم ہے جو دبئی پہنچ چکی ہے۔ دفاعی چیمپئن پشاور زلمی 16 فروری، اسلام آباد یونائیٹڈ، کوئٹہ گلیڈی ایٹرز اور پہلی بار پی ایس ایل کا حصہ بننے والی ملتان سلطانز 17 فروری جب کہ کراچی کنگز کی ٹیم 18 فروری کو دبئی پہنچے گی۔ ایونٹ کا باقاعدہ آغاز دفاعی چیمپئن پشاور زلمی اور ایونٹ میں پہلی مرتبہ حصہ لینے والی ملتان سلطانز کے درمیان 22 فروری کو کھیلے جانے والے میچ سے ہوگا جو پاکستانی وقت کے مطابق رات 10 بجے کھیلا جائے گا۔ پی ایس ایل تھری میں اسلام آباد یونائیٹڈ، کوئٹہ گلیڈی ایٹرز، پشاور زلمی، کراچی کنگز، لاہور قلندرز اور ملتان سلطانز کی ٹیمیں حصہ لیں گی۔ پی بی سی کے شیڈول کے مطابق ایونٹ کے تمام 34 میچز 4 مختلف وینیوز پر ہوں گے جن میں دبئی، شارجہ، لاہور اور کراچی شامل ہیں۔ پاکستان سپرلیگ کے قذافی سٹیڈیم کے میچز کی ٹکٹوں کی فروخت شروع ہوگئی، شائقین ایک سے چھ ہزار تک کے ٹکٹ انٹرنیٹ پر بک کروا سکتے ہیں۔ پاکستان سپرلیگ کی تیاریاں جاری ہیں اور پی سی بی نے میگاایونٹ کے لاہور میں ہونیوالے دو پلے آف میچز کے ٹکٹوںکی فروخت شروع کردی ہے۔ پی سی بی کی جانب سے جاری کیے گئے اعلامیے کے مطابق کرکٹ فینز آن لائن جاکر 1ہزار، 4 ہزار، 6 ہزار قیمت والے ٹکٹ بک کروا سکتے ہیں۔ عمران خان ، فضل محمود ، وسیم اکرم اور وقاریونس انکلوڑر کے ٹکٹس کی قیمت چھ ہزار روپے مقرر کی گئی ہے جبکہ سرفراز احمد اور سعید انور انکلوڑر کے جنرل سٹینڈز کی ٹکٹس کی قیمتوں میں اضافہ کرکے ایک ہزار روپے قیمت رکھی ہے۔

ای پیپر-دی نیشن