عمران عدلیہ اور نیب سے اپنا ایجنڈا پورا کرانے کی سازشیں کررہے ہیں: احسن اقبال
اسلام آباد+لندن (این این آئی) وزیر داخلہ احسن اقبال نے کہا ہے کہ ہمیں ملک کی سلامتی اور مفاد میں یکجہتی قائم رکھنی ہے، سیاسی انتشار زہر قاتل ثابت ہوسکتا ہے، لودھراں کا ضمنی الیکشن سب کی آنکھیں کھولنے کے لئے کافی ہے، پاکستان کے دشمن ہماری ترقی اور سی پیک کو ناکام کرنے کے لئے اوور ٹائم لگا کر سازشیں کر رہے ہیں، عمران خان عدلیہ اور نیب سے اپنا سیاسی ایجنڈا پورا کرانے کی سازشیں کر رہے ہیں۔ ایک بیان میں انہوں نے کہاکہ پاکستان کے دشمن ہماری ترقی اور سی پیک کو ناکام کرنے کے لئے اوور ٹائم لگا کر سازشیں کر رہے ہیں۔ مسلم لیگ ن کو دبانا اور کمزور کرنا ممکن نہیں، ہم مشتعل نہیں ہونگے۔ قبل ازیں ایک انٹرویو میں احسن اقبال نے کہا کہ سی پیک چین، جنوب، مشرقی ایشیا اور وسطی ایشیا کے درمیان ایک پل کا کردار ادا کرے گا۔ پاکستان اور چین کے درمیان قریبی تعاون کی بدولت بیلٹ اینڈ روڈ انیشیٹو کے تحت پاکستان میں لاکھوں لوگوں کی زندگیوں میں مثبت تبدیلیاں آرہی ہیں۔