خصوصی کمیٹی نے بدعنوان افسروں کے معاملات تحقیقات کیلئے نیب کو بھجوا دئیے
اسلام آباد (نمائندہ خصوصی) سینٹ کی مجلس قائمہ برائے خزانہ کی خصوصی کمیٹی نے ایف بی آر کے بدعنوان افسروں کے معاملات تحقیقات کے لئے نیب کو بھیج دئیے۔ خصوصی کمیٹی تحقیقات کے لئے مزید کیسز بھی نیب کو ارسال کرے گی۔ خصوصی کمیٹی نے ایف بی آر کو ہدایت کی ہے کہ ان تمام افسروں اور اہلکاروں کے خلاف کیسز دوبارہ کھولے جائیں۔ جن میں ملازمین کو بری کیا گیا یا معمولی سی سزا دی گئی۔ کمیٹی نے ہدایت کی ہے کہ ایف بی آر تین ماہ کے اندر ایسے تمام کیسز میں ایکشن لے اور سینٹ کو رپورٹ پیش کریں۔ ایف بی آر کے ممبر ایڈمنسٹریشن تسنیم رحمان نے اجلاس میں ایف بی آر کی طرف سے وضاحتیں دیں۔ وزیر مملکت رانا محمد افضل خان نے بدعنوان افسروں کا دفاع نہیں کیا۔ سینیٹر محسن عزیز نے کہا کہ آصف رسول‘ ساجد حسین آرائیں اور عبدالحمید ابڑو کے کیسز تحقیقات کے لئے نیب کو ارسال کئے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ یہ ابتدا ہے۔ مزید کیسز بھی نیب کو ارسال کئے جائیں گے۔