سی پیک منصوبے کے فوائد‘ 6 ماہ کے دوران 81 ارب سے زائد غیرملکی سرمایہ کاری
کراچی(این این آئی)غیر ملکی سرمایہ کاروں کی سی پیک میں دلچسپی بڑھنے لگی۔ رواں مالی سال کے پہلے چھ ماہ میں بیرونی سرمایہ کاروں نے 81 ارب 54 کروڑ روپے کی سرمایہ کاری کی۔ غیر ملکی سرمایہ کاری سے شاہراہوں کی تعمیر اور توانائی کے منصوبوں کی تکمیل میں مدد ملے گی۔اقتصادی امور ڈویژن کے ذرائع کے مطابق رواں مالی سال کے چھ ماہ کے دوران بیرونی ذرائع سے پاکستان میں ترقیاتی منصوبوں کے لئے اکیاسی ارب چون کروڑ روپے کے فنڈزموصول ہوئے ہیں۔ اس دوران سڑکوں، پلوں اور موٹرویز کی تعمیر کے لئے نیشنل ہائی وے اتھارٹی کو 53 ارب 54 کروڑ 69 لاکھ روپے۔ بجلی کے منصوبوں کے لئے واپڈا کو 23 ارب 14 کروڑ روپے اور پاکستان ایٹمی توانائی کمیشن کو 1 ارب 97 کروڑ روپے کے بیرونی فنڈز ملے ہیں۔ذرائع کے مطابق سول ایوی ایشن ڈویژن کو 91 کروڑ روپے۔ انفارمیشن ٹیکنالوجی ڈویژن کو 75 کروڑ روپے اور آزاد کشمیر حکومت کو 51 کروڑ روپے کے فنڈز موصول ہوئے ہیں۔اس دوران قومی صحت کے منصوبوں کو 23کروڑ روپے، گلگت بلتستان حکومت کو 17 کروڑ روپے، سیفران اور فاٹا کو 13کروڑ روپے، خزانہ ڈویژن 3کروڑ روپے، ریونیو ڈویژن ایک کروڑ روپے کے فنڈز موصول ہوئے ہیں۔ رواں مالی سال کے بجٹ میں غیرملکی ذرائع سے 162 ارب روپے ملنے کا تخمینہ لگایا گیا تھا۔