قصور: مقدمہ قتل کیس‘ عدم پیروی پر ایس ایچ او اور کانسٹیبل کی ضمانت خارج
قصور (نمائندہ نوائے وقت) مدثر قتل کیس میں عدم پیروی پر ایس ایچ اور طارق بشیر چیمہ کی ضمانت خارج۔ ڈی ایس پی مرزا عارف رشید اور کونسلر ڈاکٹر رضوان الحق نے اپنی ضمانت واپس لے لی۔ مدثر کی والدہ کی عدالت میں انصاف کی دہائیاں۔ تفصیلات کے مطابق فروری 2017ء میں پانچ سالہ ایمان فاطمہ کو نامعلوم ملزم نے اغوا کیا۔ زیادتی کے بعد قتل کرکے نعش زیرتعمیر مکان میں پھینک دی۔ تھانہ صدر پولیس نے اس قتل کیس میں مدثر نامی نوجوان کو مبینہ پولیس مقابلہ میں ہلاک کرکے دعویٰ کیا کہ یہی ایمان فاطمہ کا قاتل ہے۔ اس نے اپنا جرم قبول کر لیا۔ تاہم جب زینب قتل کیس کے ملزمان عمران کو گرفتار کیا‘ دوران تفتیش انکشاف کیا کہ اس نے ایمان فاطمہ کو زیادتی کا نشانہ بنایا‘ اسے قتل کر دیا تھا۔ ملزم عمران کا ڈی این اے ٹیسٹ بھی ایمان فاطمہ کے ساتھ میچ ہو گیا تو جے آئی ٹیم نے ایمان فاطمہ کیس دوبارہ کھولا۔ تفتیش شروع کر دی۔ اس سے قبل دو انسپکٹرز کو گرفتار کیا گیا۔ جے آئی ٹی ٹیم نے انسپکٹر ریاض عباس‘ انسپکٹر حاجی محمد یونس کو مقدمہ میں نامزد کرکے ان کا 10 روزہ جسمانی ریمانڈ پر جبکہ عدم پیروی پر اس ایچ اور طارق بشیر چیمہ اور کانسٹیبل نوید کی عدالت نے ضمانت خارج کر دی۔ ڈی ایس پی مرزا عارف رشید اور کونسلر ڈاکٹر رضوان الحق نے اپنی ضمانت واپس لے لی۔ مدثر کی والدہ نے عدالت میں انصاف کی دہائیاں دیتے ہوئے ملزمان کی گرفتاری کا مطالبہ کیا۔