فیصل آباد: ریس لگاتی بسوں کی زد میں آکر دس سالہ لڑکا جاں بحق‘ مشتعل عوام نے بس کو آگ لگا دی
فیصل آباد (نمائندہ خصوصی) ریس لگاتی بسوں کی زد میں آ کر نان فروش کا دس سالہ بیٹا جاں بحق ہو گیا جس پر عوام نے مشتعل ہو کر نجی مل کی بس کو آگ لگا دی، ڈرائیور کو تشدد کا نشانہ بنایا گیا۔ اس دوران پولیس نے موقع پر پہنچ کر ڈرائیور کو گرفتار کر لیا۔ تفصیلات کے مطابق شیخوپورہ روڈ پر دو بسیں آپس میں ریس لگا رہی تھیں کہ اس دوران نجی مل کی بس ڈرائیور کے قابو سے باہر ہو گئی اور سڑک کراس کرتے نان فروش کے دس سالہ بیٹے علی حسنین پر چڑھ دوڑی جس کے نتیجہ میں وہ موقع پر ہی جاں بحق ہو گیا اس دوران عوام مشتعل ہو گئی۔ مشتعل مظاہرین نے بس پر شدید پتھراؤ کیا۔ توڑپھوڑ کے بعد بس کو آگ لگا دی۔ بس ڈرائیور کو تشدد کا نشانہ بنایا۔ اطلاع ملنے پر پولیس موقع پر پہنچ گئی اور انہوں نے بس ڈرائیور کو مظاہرین سے چھڑوا کر گرفتار کر لیا۔ ریسکیو1122 نے بعدازاں موقع پر پہنچ کر آگ پر قابو پا لیا۔ پولیس مصروف تفتیش ہے۔